بہار میں بھی کھلے مقامات پر نماز پڑھنے پراعتراض

,

   

پابندی عائد کرنے بی جے پی رکن اسمبلی کاحکومت سے مطالبہ
پٹنہ :ہریانہ میں کھلے میں جمعہ کی نماز پڑھنے کو لے کر جاری تنازعہ کے درمیان اب بہار میں بھی کھلے میں نماز پر پابندی کیلئے آواز اٹھائی جارہی ہے ۔ بی جے پی رکن اسمبلی ہری بھوشن ٹھاکر بچول نے ہفتہ کے روز ایک بیان میں کہا کہ بہار میں بھی کھلے میں نماز پڑھنے پر پابندی لگنی چاہیے۔ بچول نے نتیش کمار سے کھلے میں نماز پر پابندی لگانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس کے لیے پیش قدمی کریں گے۔اپنے بیانات کی وجہ سے اکثر تنازعہ میں رہنے والے بی جے پی رکن اسمبلی ہری بھوشن ٹھاکر نے کہا کہ بہار میں بھی کھلے میں نماز پڑھنے پر روک لگنی چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ جس طرح ہریانہ کی حکومت نے کھلے میں نماز پر روک لگائی ہے، بہار میں بھی ویسا ہونا چاہیے۔ کھلے میں اور سڑکوں پر نماز پڑھنے پر پابندی ضروری ہے۔ جمعہ کو سڑکوں کو جام کر دینا، سڑک پر نماز پڑھنا، یہ عبادت کا کیسا رواج ہے۔ اگر عقیدے کی بات ہے تو گھر میں یا مسجد میں نماز پڑھیں۔ آخر مسجد کیوں ہے۔کھلے میں نماز کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے بی جے پی رکن اسمبلی نے کہا کہ اگر ایسا ہی چلتا رہا تو خیر سگالی کو نقصان پہنچے گا۔ 75 سال پہلے مذہب کے نام پر ہندوستان کی تقسیم ہوئی۔ لیکن ہندوستان آج بھی وہیں کا وہیں کھڑا ہے۔ بھوشن ٹھاکر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اب چیف منسٹرنتیش کمار اس معاملے پر کیا کریں گے، یہ وہ جانیں، لیکن دنیا یہ کام کر رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہریانہ کے چیف منسٹرٰ منوہر لال کھٹر نے جو کیا ہے، اس کے لیے وہ شکریہ کے مستحق ہیں۔ بی جے پی رکن اسمبلی نے سوالیہ لہجے میں کہا کہ ’وندے ماترم‘ میں پھل، ہوا، ہریانہ کی تعریف ہے، لیکن یہ نہیں گائیں گے۔ یہ کون سی ذہنیت ہے۔ اسے وقت رہتے نہیں روکا گیا تو ملک کو بڑا نقصان ہوگا۔