پٹنہ : پورنیہ میں ’گرام گورو یاترا‘ کے دوران اسمارٹ اسکول کا معائنہ کرتے وقت لیسی سنگھ کے ساتھ یہ حادثہ پیش آیا۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ان کی خیریت دریافت کرتے ہوئے جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔ حکومت بہار میں خوراک اور تحفظ صارفین کی وزیر لیسی سنگھ حادثے کا شکار ہو گئی ہیں۔ وہ پورنیہ میں ایک اسکول کا معائنہ کرنے کے دوران پھسل گئیں جس سے ان کے پیر اور ہاتھ میں فریکچر ہو گیا۔ حادثہ کے بعد انہیں فوری طور پر آئی سی یو میں داخل کرایا گیا جہاں ان کا علاج کیا جا رہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ انچارج وزیر وجئے چودھری کے ساتھ اسمارٹ کلاس بھون کا معائنہ کرنے کے دوران لیسی سنگھ سیڑھی سے گر گئیں۔ اس دوران لیسی سنگھ کو دیکھنے کے لیے ہاسپٹل میں لوگوں کی بھیڑ لگ گئی۔ اطلاع کے مطابق بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے بھی لیسی سنگھ کی خیریت دریافت کی ہے۔ انہوں نے ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔ لیسی سنگھ سے ملاقات کرنے کے لیے جنتادل یو کے حامیوں کے ساتھ ان کے کنبہ والے بھی پہنچ گئے ہیں۔ سبھی لوگ ان کی جلد سے جلد صحت یابی کی تمنا کر رہے ہیں۔ لیسی سنگھ کے ساتھ جس وقت یہ حادثہ پیش آیا اس وقت پورنیہ کے انچارج وزیر وجے چودھری اور سابق رکن پارلیمنٹ سنتوش کشواہا بھی موجود تھے۔