ادھوری تعمیر ، کچرے کے ڈھیر اور درختوں سے عوام کو جانی و مالی نقصانات کے خدشات
بیدر۔ 5 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شہر بیدر کے سب ریجنل سائنس سنٹر ، تامیرگنج ،امبیڈکر چوک روڈ کی خستہ حالی شہریوں کے لیے مستقل دردِ سر بن گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر بیدر کی سرکاری رہائش گاہ کے قریب سے گزرنے والی یہ اہم شاہراہ سے متصل ریجنل سائنس سینٹر اور بیدر کے دیہی علاقوں کے علاوہ ریاست تلنگانہ کو آپس میں جوڑتی ہے، جس کے باعث اس سڑک پر دن رات ٹریفک کی مسلسل اور غیر معمولی آمدورفت رہتی ہے۔مقامی شہریوں کے مطابق چند ماہ قبل سڑک کے ایک حصے کی تعمیر کی گئی لیکن آدھی سڑک پر صرف کنکریٹ بچھا کر کام ادھورا چھوڑ دیا گیا، جو گزشتہ چھ ماہ سے اسی حالت میں پڑا ہے۔ جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے اور خصوصاً دو پہیہ گاڑی سوار آئے دن معمولی حادثات کا شکار ہو رہے ہیں، جبکہ راہگیروں کو بھی شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔سڑک کے دوسرے کنارے قلعہ بیدر کی خندق کے پشت سے متصل مٹی کے بلند ٹیلے موجود ہیں، جہاں سے بجلی کی سپلائی لائن بھی گزرتی ہے۔ ان ٹیلوں پر بڑے پیمانے پر خاردار اور قدآور درخت کھڑے ہیں، جو مسلسل بارش اور تیز ہواؤں کے باعث کسی بھی وقت گر سکتے ہیں۔ شہریوں نے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ بروقت احتیاطی اقدامات نہ کیے گئے تو کسی بھی وقت کوئی بڑا حادثہ پیش آ سکتا ہے، جس سے جانی و مالی نقصان کا خدشہ ہے۔اس کے علاوہ سڑک کے دونوں جانب کچرے کے ڈھیر اور منہدم عمارتوں کا ملبہ ڈالے جانے سے نہ صرف ماحول آلودہ ہو رہا ہے بلکہ آمدورفت میں بھی رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے، جس سے عوامی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔میر گنج کے مکینوں اور راہگیروں نے ڈپٹی کمشنر بیدر سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ چونکہ مذکورہ سڑک بلدیہ بیدر کی حدود میں واقع ہے، اس لیے متعلقہ محکموں کو فوری ہدایات جاری کرتے ہوئے ادھوری سڑک کی تعمیر مکمل کرائی جائے، کچرے اور ملبے کی صفائی کرائی جائے اور خطرناک درختوں کی کٹائی عمل میں لائی جائے، تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے قبل عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔