بیرونی سازش کا پتہ چلانے کے سی آر کو حراست میں لیا جائے

   

ریونت ریڈی کا مطالبہ، کانگریس کے سینئر قائدین کا اجلاس، متحدہ کام کرنے کا عہد
حیدرآباد۔/17 جولائی، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے وزیر اعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا کہ چیف منسٹر کے سی آر کو حراست میں لے کر سیلاب کے بارے میں بیرونی سازش میں ملوث عناصر کا پتہ چلائیں۔ ریونت ریڈی آج حیدرآباد میں کانگریس قائدین کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے جو انچارج جنرل سکریٹری مانکیم ٹیگور کی آمد کے پیش نظر منعقد کیا گیا تھا۔ اجلاس میں ریاست کے تمام اہم قائدین نے شرکت کرتے ہوئے پارٹی کو اقتدار میں واپس لانے کیلئے متحدہ مساعی کا عہد کیا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ میں بدعنوانیوں کو چھپانے کیلئے کے سی آر سیلاب کے پس پردہ بیرونی سازش کا بہانہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کے متاثرین کی حکومت کی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کیلئے یہ سنسنی خیز بیان دیا گیا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ بیرونی سازش کے بارے میں کے سی آر کے پاس مکمل معلومات موجود ہیں۔ ملک کے خلاف بیرونی سازش کے بارے میں انٹلیجنس اور را کو اطلاع دی جانی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ سازش کی تفصیلات سے مرکز کو واقف کرانا کے سی آر کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا کہ سازش کے پس پردہ عناصر کی تفصیلات حاصل کرنے کیلئے کے سی آر کو حراست میں لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگسٹ میں سرسلہ کے جلسہ عام کے بارے میں راہول گاندھی سے ملاقات کے بعد التواء کے بارے میں اعلان کیا جائے گا۔ سیلاب کی صورتحال کے باعث راہول گاندھی کے جلسہ کو ملتوی کرنے کی تجویز ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ اجلاس کے پہلے دن سونیا گاندھی کی اجازت سے سیلاب کی صورتحال پر تحریک التواء پیش کریں گے۔ انہوں نے جگتیال سے تعلق رکھنے والے صحافی ضمیر الدین کے پسماندگان کیلئے کانگریس کی جانب سے ایک لاکھ روپئے امداد کا اعلان کیا۔ انہوں نے سنگارینی کالریز میں بچاؤ کام کے دوران فوت ہونے والے ورکرس کے پسماندگان کو فی کس ایک کروڑ روپئے ایکس گریشیا کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کو سیلاب کے متاثرین سے زیادہ پارٹی کو قومی درجہ دینے کی فکر ہے۔ مرکز سے 2000 کروڑ کی امداد کیلئے کوئی نمائندگی نہیں کی گئی۔ کانگریس قائدین کی جانب سے امدادی کاموں کو دیکھنے کے بعد کے سی آر پرگتی بھون سے نکل کر متاثرہ علاقوں کے دورہ پر مجبور ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گجرات میں سیلاب کیلئے مرکز نے 1000 کروڑ کی امداد جاری کی لیکن تلنگانہ کو نظرانداز کردیا گیا۔ اجلاس میں جنرل سکریٹری اے آئی سی سی مانکیم ٹیگور، اے آئی سی سی سکریٹری بوس راجو، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا، رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی، سابق صدر پردیش کانگریس وی ہنمنت راؤ، پونالہ لکشمیا، رکن کونسل جیون ریڈی، رکن اسمبلی سریدھر بابو، پولٹیکل افیرس کمیٹی کے کنوینر محمد علی شبیر، سابق سی ایل پی لیڈر جانا ریڈی، مدھو یاشکی، پونم پربھاکر ، ضلع کانگریس صدور اور عوامی نمائندوں نے شرکت کی۔ر