بیشتر ایگزٹ پولس میں مودی کو دوبارہ اقتدار ، این ڈی اے کو 300 نشستیں

,

   

دیگر ایگزٹ پول میں کانگریس کو 200 ، بی جے پی کو 171 ، دیگر کو 172 ،نشستوں کی تعداد میں واضح فرق ۔ نیوز ایکس سروے میں این ڈی اے 242 تک محدود

نئی دہلی 19 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) لوک سبھا انتخابات کیلئے رائے دہی کی تکمیل کے بعد ایگزٹ پولس میں بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے اتحاد کو اقتدار کی پیش قیاسی کی گئی ہے حالانکہ تقریبا ہر ایگزٹ پول میں نشستوں کی تعداد میں فرق واضح رہا ہے ۔ دو ایگزٹ پولس جو ٹائمز ناو پر پیش کئے گئے ان میں این ڈی اے کو 196 اور 306نشستوں کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ ان میں کانگریس زیر قیادت یو پی اے اتحاد کو 126 اور 132 نشستوں کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ سی ووٹر ۔ ریبپلک ایگزٹ پولس میں این ڈی اے کیلئے 267 اور یو پی اے کیلئے 128 نشستوں کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ تاہم نیتا ۔ نیوز ایکس کے ایگزٹ پول میں کہا گیا ہے کہ این ڈی اے کو نشستوں کی تعداد میں کمی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے اور اسے 242 نشستیں مل سکتی ہیں۔ اس ایگزٹ پول میں یو پی اے کو 164 نشستیں دی گئی ہیں۔ نیوز 18 کے ایک ایگزٹ پول میں این ڈی اے کو 292-312 نشستوں کی پیش قیاسی کی گئی ہے جبکہ یو پی اے کو صرف 62-72 نشستیں دی گئی ہیں۔دیگر ایگزٹ پولس میں کانگریس کو 200 ، بی جے پی کو 171 اور دیگر کو 172 نشستوں کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ کئی ایگزٹ پولس میں پیش قیاسی کی گئی ہے کہ اترپردیش میں ایس پی ۔ بی ایس پی اتحاد سبقت دکھائی گئی ہے جہاں گذشتہ انتخابات میں بی جے پی کا مظاہرہ بہت شاندار رہا تھا ۔ ووٹوں کی گنتی 23 مئی کو ہونے والی ہے ۔ اس دوران ملک بھر میں لوک سبھا انتخابات کیلئے پولنگ آج مکمل ہوگئی جبکہ ساتویں اور آخری مرحلہ میں جملہ 59 نشستوں کیلئے 61 فیصد رائے دہندوں نے اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کیا ۔ آج کی پولنگ کے دوران مغربی بنگال میں تشدد کے واقعات پیش آئے جبکہ پنجاب میں بھی جھڑپوں کی طلاع ہے ۔ لوک سبھا کی جملہ 542 نشستوں کیلئے 8000 سے زائد امیدوار میدان میں تھے جن میں وزیر اعظم نریندر مودی بھی شامل تھے ۔ آخری مرحلہ کی رائے دہی میں جملہ 918 امیدوار میدان میں تھے ۔

آج کی رائے دہی کے دوران کچھ مقامات پر الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں خامیوں کی اطلاعات رہیں جبکہ کچھ بوتھس پر رائے دہندوں نے رائے دہی کا بائیکاٹ کیا ۔ آج کے مرحلہ میں اترپردیش اور پنجاب میں فی کس 13 ‘ مغربی بنگال کی نو بہار اور مدھیہ پردیش کی فی کس آٹھ ‘ ہماچل پردیش کی چار اور جھارکھنڈ کی تین نشستوں کے علاوہ چندی گڑھ کی ایک نشست کیلئے ووٹ ڈالے گئے تھے ۔اترپردیش کے 13 لوک سبھا حلقوں میں 55.52 فیصد رائے دہی کی اطلاع ہے ۔ وارناسی میں جہاں سے وزیر اعظم نریندر مودی امیدوار ہیں 53.56 فیصد رائے دہی ہوئی جبکہ گورکھپور میں 56.47 فیصد رائے دہندوں نے ووٹ کا استعمال کیا ۔ الیکشن کمیشن نے یہ اطلاع دی ۔ چنڈولی لوک سبھا حلقہ میں تشدد کے واقعات پیش آئے جہاں ریاستی بی جے پی صدر مہیندر ناتھ پانڈے دوبارہ مقالبہ کر رہے ہیں۔ یہاں بی جے پی اور سماجوادی پارٹی کارکنوں کے مابین جھڑپیں ہوئیں بعد میں صورتحال کو قابو میں کرلیا گیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ چنڈولی میں دلت رائے دہندوں کو جیون پور گاوں میں ووٹ ڈالنے سے قبل ہی انگلیوں پر سیاہی لگاکر روانہ کردیا گیا ۔ عہدیداروں نے کہا کہ اس مسئلہ میں ایک ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے ۔ مغربی بنگال میں جملہ 73.40 فیصد رائے دہندوں نے ووٹ ڈالا جہاں سے تشدد کے واقعات کی اطلاع ملی ہے ۔ بی جے پی کے شمالی کولکاتہ امیدوار راہول سنہا کے بموجب ایک خام بم گریش پارک میں دوپہر کے وقت پھینکا گیا ۔ تاہم پولیس نے کہا کہ یہ پٹاخوں کی آتشبازی تھی ۔