میدک۔ 13 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) میدک ٹاؤن کے آدرش کوآپریٹیو اربن بینک برانچ میں ایک کروڑ 79 لاکھ 54 ہزار روپے کے مبینہ فراڈ معاملہ میں پولیس نے تین ملزمین کو گرفتار کرلیا جبکہ اصل ملزم مفرور بتایا گیا ہے۔ یادم انیل، جو بینک میں منیجر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہا تھا، اپنی بیوی، دوستوں اور دیگر افراد کے آدھار و پین کارڈس استعمال کرتے ہوئے فرضی سونے کے زیورات پر بڑے پیمانے پر قرض حاصل کرکے بینک کو دھوکہ دیتا رہا۔ علاوہ ازیں دو اے ٹی ایم مشینوں میں نقد رقم جمع کرانے کے دوران مرحلہ وار رقم ہڑپ کرتے ہوئے تقریباً 31 لاکھ 35 ہزار روپے کا غبن بھی کیا گیا۔ پولیس کے مطابق دوسرے ملزم سرینواس چاری نے نقلی سونے کو اصلی قرار دے کر دھوکہ دہی میں اہم کردار ادا کیا۔ تیسرے ملزم سبرامنیم نے اپنے اور اپنی اہلیہ کے دستاویزات یادم انیل کو فراہم کئے جن کی بنیاد پر جعلی سونے پر قرض حاصل کیا گیا۔ چوتھی ملزمہ سریونتی، یادم انیل کی اہلیہ ہے، جس کے آدھار اور پین کارڈس استعمال کرتے ہوئے قرض حاصل کیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ یادم انیل ماضی میں آندھرا پردیش کے ویلارپاڈو پولیس اسٹیشن حدود میں اے پی گرامین وکاس بینک میں بھی پولورم متاثرین اور قبائلی عوام کے ساتھ دھوکہ دہی روپئے کے الزام میں جیل جاچکا ہے۔ فی الحال اصل ملزم فرار ہے جبکہ دیگر تین ملزمین کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا گیا۔