بین ریاستی بدنام زمانہ چڈی گیانگ کے دو ارکان گرفتار،اسپیشل آپریشن ٹیم کی کارروائی ، کمشنر سائبر آباد وی سی سجنار کی پریس کانفرنس

   

حیدرآباد 21 جنوری (سیاست نیوز) سائبرآباد کی اسپیشل آپریشن ٹیم (ایس او ٹی) نے بین ریاستی بدنام زمانہ چڈی گینگ کے دو ارکان کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔ کمشنر پولیس سائبرآباد مسٹر وی سی سجنار نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ چڈی گینگ سارقین کی بین ریاستی خطرناک ٹولی ہے جو سائبرآباد کے علاقہ میں ڈسمبر 2017 ء ، اپریل 2018 ء اور جاریہ ماہ کے دوران سرقے کی 8 سنگین وارداتیں انجام دی تھیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ایس او ٹی کی کڑی محنت کے نتیجہ میں گجرات سے تعلق رکھنے والے چڈی گینگ کے اہم ارکان ہاسن نرسنگ اور راجو ساؤ سنگھ باریا کو گرفتار کرلیا۔ اُنھوں نے کہاکہ گرفتار افراد پر تکنیکی نظر رکھی گئی تھی اور اُنھیں گرفتار کرتے ہوئے اُن کے قبضہ سے مسروقہ مال برآمد کیا گیا ہے۔ سجنار نے کہاکہ چڈی گینگ کے دیگر ارکان ونود، پنکج اور جیسم نے علاقہ کوکٹ پلی اور نارسنگی کے علاقہ پپالا گوڑہ میں سرقے کئے تھے۔ چڈی گینگ کا طریقہ کار ہے کہ وہ رات کے اوقات مقفل مکانات کی نشاندہی کرنے کے بعد صبح کی اولین ساعتوں میں قفل شکنی کے ذریعہ سرقے کیا کرتے تھے۔ مذکورہ خطرناک مجرمین کو گجرات سے گرفتار کرکے اُنھیں حیدرآباد منتقل کیا گیا ہے اور عدالت میں پیش کرنے کے بعد اُنھیں جیل منتقل کیا گیا۔ کمشنر نے کہاکہ گرفتار ملزمین کی پولیس تحویل حاصل کی جائے گی تاکہ مزید تحقیقات کی جاسکے۔