وقارآباد ضلع پولیس کی بڑی کارروائی ، ضلع ایس پی اسنیہا مہراکی پریس کانفرنس
تانڈور۔ 4 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تانڈور۔وقارآباد ٹاؤن پولیس نے یکم مئی 2026 کی رات منی کانتا نگر کالونی میں ایک گھر میں پیش آنے والی چوری کی واردات کو کامیابی سے حل کرتے ہوئے بین ریاستی عادی چور وکاس سنگھ عرف تیجا سنگھ کو گرفتار کر لیا ہے۔چور نے گھر میں گھس کر تقریباً ڈیڑھ تولہ سونے کے زیورات اور 2 لاکھ 10 ہزار روپے نقد رقم سرقہ کرلی تھی۔ متاثرہ خاندان کی شکایت پر مقدمہ درج کیا گیا، جس کے بعد ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس محترمہ سنیہا مہرہ کی ہدایت پر، ڈی ایس پی انجیا کی نگرانی میں سی سی ایس انسپکٹر بلونت رائے اور انسپکٹر رگھو کمار کی قیادت میں خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔سی سی ٹی وی فوٹیج، تکنیکی شواہد اور خفیہ معلومات کی مدد سے تحقیقات کرتے ہوئے پولیس نے ملزم کی شناخت اتر پردیش کے رہائشی وکاس سنگھ کے طور پر کی اور بعد میں اسے گرفتار کر لیا۔ وہ بظاہر مزدوری کرتا تھا لیکن رات کے وقت بند گھروں کو نشانہ بناتا تھا۔تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزم 16 سال کی عمر سے جرائم میں ملوث ہے اور اس کے خلاف پہلے ہی سے 34 چوری کے مقدمات درج ہیں۔ 2018، 2021 اور 2022 میں مختلف مقدمات میں جیل کی سزا بھی کاٹ چکا ہے اور 26 جون 2024 کو جیل سے رہا ہوا تھا۔رہائی کے بعد بھی اس نے جرائم کا سلسلہ جاری رکھا اور وقارآباد ، سائبرآباد اور ملکاجگیری علاقوں میں 27 مزید چوریاں کرنے کا اعتراف کیا۔ ان وارداتوں میں اس نے 157 تولے سونا، 256 تولے چاندی اور 8 لاکھ 22 ہزار 500 روپے نقد رقم سرقہ کرنے کا اعتراف کیا ہے۔چوری کے پیسوں سے ملزم عیش و عشرت کی زندگی گزارتا تھا۔ اپنے آبائی گاؤں میں “ہیلپنگ ہینڈ” نامی این جی او کے ذریعے اسکول کے بچوں میں بیگ اور نوٹ بکس تقسیم کرتا تھا اور تفریح کراتا تھا تاکہ مقامی لوگوں میں اپنی اچھی شناخت بنا سکے۔پولیس نے بتایا کہ ملزم چوری شدہ زیورات اتر پردیش کے سلطان پور ضلع کے مختلف سناروں اور جیولری دکانوں کے مالکان کو فروخت کرتا تھا۔ملزم نے بتایا کہ مذکورہ جیولرس نہ صرف چوری کا مال خریدتے تھے بلکہ مزید چوریاں کرنے کیلئے اس کی حوصلہ افزائی بھی کرتے تھے۔ یہاں تک کہ انہوں نے اسے غیر قانونی اسلحہ خریدنے کے لیے 40 ہزار روپے بھی فراہم کیے تھے۔پولیس نے ملزم کے قبضے سے ڈیڑھ تولہ سونے کے زیورات، ایک 5 ایم ایم پستول برآمد کر لیا ہے۔ایس پی سنیہا مہرا کے مطابق ملزم کے خلاف پرانے 34 اور نئے 27 مقدمات سمیت مجموعی طور پر 61 مقدمات درج ہیں۔ایس پی نے خبردار کیا کہ چوری کا مال خریدنے والے مذکورہ جیولرز کے خلاف آرگنائزڈ کرائم، آرمس ایکٹ اور دیگر متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کیے جائیں گے۔ ضرورت پڑنے پر ان کے خلاف پی ڈی ایکٹ بھی نافذ کیا جائے گا۔ان افراد کی گرفتاری اور چوری شدہ مال کی بازیابی کے لیے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی جا رہی ہے۔بین ریاستی عادی سارق کو گرفتار کرنے میں نمایاں کردار ادا کرنے پر ڈی ایس پی انجیا، سی سی ایس انسپکٹر بلونت رائے، انسپکٹر رگھو کمار اور ان کی ٹیم کو ضلع ایس پی اسنیہا مہرا، آئی پی ایس نے مبارکباد دی اور انعامات کا اعلان کیا۔