بین ریاستی گانجہ منتقلی کا ریاکٹ بے نقاب

   

تین افراد گرفتار، 120 کیلو گانجہ ضبط ، سائبرآباد پولیس کی کارروائی
حیدرآباد /6 ستمبر ( سیاست نیوز ) سائبر آباد پولیس نے انتہائی چالاکی سے منتقل کئے جارہے بین ریاستی گانجہ منتقلی کے ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے تین افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 120 کیلو گانجہ کو ضبط کرلیا ۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس راجندر نگر زون مسٹر جگدیشور ریڈی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ موکلا سرویس روڈ پر تعاقب کے بعد ایک ٹولی کو بے نقاب کیا گیا جو ملکاجگیری اڈیشہ سے گانجہ کو بنگلورو کرناٹک منتقل کر رہے تھے ۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے دو کاریں اور 4 موبائل فون بھی ضبط کرلئے ۔ جس کی کل مالیت تقریباً 26 لاکھ بتائی گئی ہے ۔ ڈی سی پی راجندر نگر نے بتایا کہ اسپیشل آپریشن ٹیم راجندر نگر اور موکلا پولیس کی مشترکہ کارروائی میں 24 سالہ سی سریکانت ساکن گھٹکیسر کے علاوہ 26 سالہ جانی جانسن اور 26 سالہ پریم کمار ساکنان ٹامل ناڈو کو گرفتار کرلیا ۔ جبکہ گانجہ فراہم کرنے والا شخص وینکی مفرور بتایا گیا ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ سریکانت جو پیشہ سے عادی مجرم ہے اور کئی مرتبہ پولیس کارروائیوں کا شکار ہوا ۔ اس نے گانجہ کا کاروبار کرنے کا منصوبہ بنایا اور وجئے واڑہ پہونچا اور گاڑی سیلف ڈرائیور کرایہ پر حاصل کیا ۔ جس کے بعد بنگلور کے نام پر اس نے ملکاجگیری کا رخ کیا اور وینکی سے 500 روپئے فی کیلو گانجہ خریدکر حیدرآباد کا رخ کیا۔ راستہ میں اس نے اپنے ساتھی پریم کمار سے رابطہ کیا اور کار میں اس پر نظر رکھنے کیلئے کہا۔ پریم کمار عملاً اسکارٹ کی طرح اس نے پولیس سے بچنے کی کوششیں کی اور راستہ کی تفصیلات سریکانت کو فراہم کر رہا تھا ۔ جس کے بعد انہوں نے پداعنبرپیٹ سے موکلا کا رخ کیا اور اس راستہ سے بنگلور جانے کی کوشش کر رہے تھے کہ پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا ۔ ع