بین ریاستی گانجہ منتقلی کا ریاکٹ بے نقاب

   

اسپیشل آپریشن ٹیم مہیشورم اور
میرپیٹ پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 30 ستمبر (سیاست نیوز) اسپیشل آپریشن ٹیم مہیشورم زون اور میرپیٹ پولیس نے ایک مشترکہ کارروائی میں بین ریاستی گانجہ منتقلی کے ریاکٹ کو بے نقاب کردیا اور 2 افراد کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے 250 کیلو گانجہ اور ایک گوڈس وہیکل کو ضبط کرلیا۔ کمشنر پولیس رچہ کنڈہ دیویندر سنگھ چوہان نے ایک پریس کانفرنس کے دوران یہ بات بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ 31 سالہ ملیال سوامی عرف شیوا ساکن چندرائن گٹہ متوطن ٹاملناڈو اور 39 سالہ رامد ساکن بنڈلہ گوڑہ چندرائن گٹہ متوطن ٹاملناڈو کو گرفتار کرلیا جو گانجہ منتقل کررہے تھے جبکہ گانجہ کا خریدار راجیش ساکن کیرالا اور گانجہ کا سپلائر چندراشیکھر ساکن اوڈیشہ مفرور بتائے گئے ہیں۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے لیلنڈ گاڑی، 3 موبائیل فون ضبط کرلئے۔ پولیس نے بتایا کہ گرفتار سوامی اور اس کا رشتہ دار راجہ اٹالین سنگاریڈی ضلع کے ایک مقدمہ میں ملوث ہیں۔ ٹاملناڈو سے حیدرآباد سوامی 4 ماہ قبل منتقل ہوا تھا۔ ضمانت پر رہائی کے بعد سوامی کیرالا کے ساکن راجیش سے رابطہ میں آیا۔ راجیش بھی اس مقدمہ میں ملوث تھا۔ راجیش نے سوامی کو گانجہ منتقل کرنے کی ذمہ داری دی اور رقمی پیشکش کی اور ہر مرتبہ دیڑھ لاکھ روپئے ادا کرنے کا تیقن دیا۔ سوامی نے اپنے ساتھی رامار کے ہمراہ دو مرتبہ کامیاب انداز میں 500 کیلو گانجہ منتقل کیا۔ پولیس کے مطابق راجیش اس گانجہ کو حیدرآباد کے علاوہ مہاراشٹرا، ٹاملناڈو اور سری لنکا میں موجود اپنے ایجنٹس کو فروخت کرتا تھا۔ پولیس نے ایک خفیہ اطلاع پر ٹی کے آر کمان چوراہے پر کارروائی کرتے ہوئے اس ریاکٹ کا پردہ فاش کردیا۔ع