حیدرآباد ۔ 16 ڈسمبر (سیاست نیوز) سائبرآباد پولیس نے ایک بین ریاستی گانجہ منتقلی کے ریاکٹ کوبے نقاب کرتے ہوئے دو افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 400 کیلو گانجہ ضبط کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس بالانگر زون مسٹر سرینواس اور ڈپٹی کمشنر آف پولیس اسپیشل آپریشن ٹیم عبدالرشید نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ راجمندری ریاست آندھراپردیش سے گانجہ کو مہاراشٹرا منتقل کیا جارہا تھا۔ اس ریاکٹ کو اسپیشل آپریشن ٹیم بالانگر زون اور جیڈی میٹلہ پولیس نے ایک مشترکہ کارروائی میں بے نقاب کیا اور ببلو کھرے اور گویند پائیدار کو گرفتار کرلیا جو ریاست مہاراشٹرا سے تعلق رکھتے ہیں جبکہ گانجہ کو فراہم کرنے والا ببلو ساکن اوڈیشہ اور گانجہ کا خریدار اروند ساکن مہاراشٹرا مفرور ہیں۔ گرفتار افراد پیشہ سے ڈرائیور اور کلینر ہیں جو گانجہ کی منتقلی کو انجام دے رہے تھے۔ ڈی سی پی بالانگر کے مطابق پولیس کی کارروائی سے بچنے کیلئے انہوںنے لاری میں گانجہ بھر لیا اور پولیس کی نظر سے بچانے کیلئے نرسری کے پودوں کو لاری میں بھر لیا تاکہ تلاشی میں نرسری کے پودے ظاہر ہوسکیں اور لاری کو راجمندری سے لیکر مہاراشٹرا منتقل کررہے تھے۔ ایک خفیہ اطلاع پر سائبرآباد پولیس کی اسپیشل آپریشن ٹیم اور جیڈی میٹلہ پولیس نے گرفتار کرلیا۔ڈی سی پیز نے گانجہ منتقل کرنے والوں کو انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ اسطرح کی حرکت پر سخت کارروائی کی جائے گی ۔ ع