بیوی کا میکے میں رہ کر شوہر سے نفقہ کا مطالبہ کرنا

   

سوال: زید کی اہلیہ اپنے شوہر کی مسلسل نافرمانی ، بدکلامی کرتی رہی، افہام و تفہیم کے بعد بھی باز نہیں آئی اور شوہر کی اجازت کے بغیر شوہر کے گھر کو چھوڑ کر بچوں کے ساتھ اپنے ماں باپ کے پاس مقیم ہے۔ دریافت طلب امر یہ ہے کہ زید پر ازروئے شریعت نافرمان بیوی کی خوراکی بھی ادا کرنا لازم ہوگا یا نہیں ؟
جواب : جو عورت شوہر کی اطاعت و فرمانبرداری نہ کرے اور بلاحق شرعی شوہر کی اجازت کے بغیر گھر سے چلی جائے تو تاوقتیکہ وہ اپنے شوہر کے گھر واپس لوٹ کر اس کی شرعی اطاعت و فرمانبرداری نہ کرے شرعاً وہ ناشزہ یعنی نافرمان ہے اور ازروئے شریعت نافرمان بیوی نفقہ و خوراکی کی مستحق نہیں۔ فتاوی مہدیہ جلد اول صفحہ ۴۰۱ میں ہے : لا نفقۃ للزوجۃ مادامت ناشزۃ و خارجۃ عن طاعۃ الزوج بغیر حق و تؤمربطاعتہ ولا تقر علی النشوز لانہ معصیۃ۔ پس صورت مسئول عنہا میں بشرط صدق بیان مستفتی زید پر اس کی نافرمان بیوی کی خوراکی کی ادائی شرعاً لازم نہیں۔ فقط واللہ أعلم