بیوی کو بچانے کی کوشش میںشوہر کا قتل ‘ شیخ پیٹ میں واردات

   

زبردستی شادی کیلئے اغواء کا منصوبہ تھا ۔ پولیس ملزمین کی تلاش میں سرگرم
حیدرآباد /15جنوری، ( سیاست نیوز) بیوی کو بچانے کی کوشش میں شوہر قتل کردیا گیا۔ قتل کی یہ سنگین واردات شیخ پیٹ میں پیش آئی جہاں 41 سالہ سید غوث معین الدین پر چاقو سے حملہ کرکے اس کا قتل کردیا گیا۔ فلم نگر پولیس کے مطابق سید غوث معین الدین اپنی بیوی بچوں کے ہمراہ جئے ہند نگر کالونی میں رہتا تھا جس کا کل رات قتل کردیا گیا۔ قتل کی اس واردات سے ٹولی چوکی اور آس پاس کے علاقوں میں سنسنی پھیل گئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق عدنان حسین اور شارخ کے علاوہ دیگر اس واردات میں ملوث تھے جن کی تلاش جاری ہے۔ خاندانی ذرائع سے موصولہ اطلاع اور پولیس فلم نگر کا کہنا ہے کہ مقتول سید غوث معین الدین کی بیوی مینا روحی کا اغواء کرنے کی کوشش کی گئی اور مینا روحی کو بچانے کی کوشش میں مزاحمت کرنے والے شوہر کا قتل کردیا گیا۔ مینا روحی پر عدنان حسین شادی کیلئے دباؤ ڈال رہا تھا اور خاتون کے انکار پر اس نے شوہر اور افراد خاندان کو جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی۔ عدنان حسین اور روحی کی ملاقات لندن میں ہوئی تھی ۔ روحی نے اعلیٰ تعلیم کیلئے لندن کا رُخ کیا تھا اور شوہر کے علاوہ اپنے تین بچوں کو لے کر 2022 میں لندن گئی تھی لیکن لندن میں بچوں کی صحت ناساز رہنے کے سبب معین الدین اور بچے حیدرآباد واپس آگئے اور روحی لندن میں تھی ۔ بعد ازاں روحی بھی نومبر 2023 میں حیدرآباد واپس ہوگئی۔ لندن میں قیام کے دوران روحی کی ملاقات عدنان حسین سے ہوئی جو حیدرآباد کا ساکن ہے۔ ہم وطن ہونے کے سبب ان میں بات چیت ہوا کرتی تھی اور عدنان حسین روحی پر شادی کیلئے دباؤ ڈال رہا تھا اور خاتون کو ہراساں و پریشان کررہا تھا۔ روحی کو شوہر سے ترک تعلق کرنے اور بچوں کو چھوڑ کر آنے عدنان حسین کی ہراسانی کا سامنا تھا۔ اس خاتون نے اپنی ساس سے اس بات کا ذکر کیا تھا۔ کل رات عدنان حسین اپنے ساتھی شارخ اور دیگر کے ہمراہ غوث معین الدین کے مکان پہنچا اور روحی کا اغواکرنے کی کوشش کی۔ اس دوران مزاحمت کرنے والے شوہر پر حملہ کرکے اس کا قتل کردیا ۔ پولیس فلم نگرمصروف تحقیقات ہے۔ع