بیٹی کی ضمانت کیلئے کے سی آر نے بی جے پی کو 5 لوک سبھا نشستوں کا تحفہ دیا: ریونت ریڈی

   

دختر کی شادی کے وقت مجھے جیل بھیجا گیا، نارائن پیٹ میں انتخابی ریالی سے چیف منسٹر کا خطاب
حیدرآباد۔/16 اپریل، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ بی آر ایس سربراہ کے سی آر نے اپنی دختر کویتا کی ضمانت پر رہائی کیلئے بی جے پی کو لوک سبھا کی 5 نشستیں بطور تحفہ پیش کرنے کا وزیر اعظم نریندر مودی سے وعدہ کیا ہے۔ محبوب نگر لوک سبھا حلقہ کے کانگریس امیدوار ومشی چند ریڈی کی تائید میں نارائن پیٹ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ بی جے پی کو پانچ لوک سبھا نشستوں پر کامیاب بنانے کیلئے بی جے پی مدد کرے گی۔ چیف منسٹر نے کسانوں کو 2 لاکھ روپئے تک فصل قرض معافی پر 15 اگسٹ سے قبل عمل آوری کا وعدہ کیا اور کہا کہ خریف سیزن میں کسانوں کی پیداوار پر فی کنٹل 500 روپئے بونس دیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر اپنی دختر کویتا کی رہائی کیلئے بی جے پی سے مفاہمت کرچکے ہیں۔ انہوں نے چیوڑلہ، ملکاجگری، بھونگیر، محبوب نگر اور ظہیرآباد لوک سبھا حلقوں میں بی جے پی کو کامیاب بنانے میں مدد کرنے کی سپاری حاصل کی ہے۔ بی آر ایس نے خفیہ معاہدہ کے تحت مذکورہ لوک سبھا حلقوں میں انتخابی مہم کو روک دیا ہے تاکہ بی جے پی باآسانی کامیابی حاصل کرسکے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ دختر کویتا کی ضمانت کیلئے کے سی آر نے تلنگانہ کی عزت نفس کو بی جے پی کے قدموں میں رکھ دیا ہے۔ انہوں نے بی آر ایس قائدین اور کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ اس بارے میں کے سی آر سے سوال کریں۔ چیف منسٹر نے کہاکہ محبوب نگر میں کانگریس کو شکست دینے کیلئے سازش رچی گئی ہے۔ بی آر ایس کے سیٹنگ رکن پارلیمنٹ دوبارہ مقابلہ کررہے ہیں لیکن وہ انتخابی مہم سے دورہیں۔ بی آر ایس کے سابق وزراء اور سابق ارکان اسمبلی گھروں تک محدود ہوچکے ہیں اور کیڈر کو بی جے پی کی مدد کا مشورہ دے رہے ہیں۔ چیف منسٹر نے ایس سی طبقات کی زمرہ بندی کیلئے لوک سبھا الیکشن کے بعد قانون سازی کا تیقن دیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے اسمبلی چناؤ میں بی سی اور ایس سی طبقات کے کئی امیدواروں کو میدان میں اتارا تھا جبکہ بی آر ایس نے مدیراج طبقہ کو ایک بھی ٹکٹ نہیں دیا۔ چیف منسٹر نے ریاستی کابینہ میں مدیراج طبقہ کو نمائندگی کا وعدہ کیا اور کہا کہ کانگریس پارٹی تمام طبقات کی موثر نمائندگی کے حق میں ہے۔ انہوں نے کے سی آر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کے سی آر نے مجھے اس وقت جیل بھیج دیا تھا جب گھر میں دختر کی شادی تھی۔ اب جبکہ ان کی دختر جیل میں ہیں تب انہیں بیٹی سے دوری کا احساس ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ عوام حکومت کی چار ماہ کی کارکردگی سے مطمئن ہیں اور 14 لوک سبھا نشستوں پر پارٹی کامیابی حاصل کرے گی۔1