بیٹے کو غرق ہونے سے بچانے والا باپ غرقاب

   

حیدرآباد /23 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) بیٹے کو غرق ہونے سے بچانے کی کوشش میں کامیاب باپ غرقاب ہوگیا ۔ شہر کے نواحی علاقہ ملکاجگیری میں یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا ۔ جہاں ایک باپ پانی میں ڈوب رہے اپنے بیٹے کو بچانے کیلئے باؤلی میں کود پڑا اور بیٹے کو تو بچالیا ۔ لیکن خود اپنی حفاظت نہ کرسکا اور پانی میں غرقاب ہوگیا ۔ باپ کو پانی میں ڈوبتا دیکھ کر بچے اور ان کی والدہ بے بسی کے عالم میں آہ وبکا کرتی رہی ۔ ملکاجگیری پولیس حدود میں پیش آئے اس واقعہ سے سنسنی پھیل گئی ۔ پولیس کے مطابق 33 سالہ محمد انور ناظم جو اپنی بیوی اور بچوں کے ہمراہ مولا علی پہاڑ پہونچے تھے اور زیارت کے بعد وہ پہاڑ پر موجود ان کا بیٹا باؤلی میں اترا اور ڈوبنے لگا ۔ سب انسپکٹر پولیس ملیا نے بتایا کہ بچے کو بچانے کیلئے انور ناظم پانی میں کود پڑے اور بچے کو بچالیا لیکن اس دوران وہ خود غرقاب ہوگئے ۔ ناظم تیراکی سے واقف نہیں تھے ۔ محمد انور ناظم لکھنو اترپردیش سے تعلق رکھتے تھے ۔ جو ان دنوں اپنے رشتہ دار سے ملاقات کیلئے سعیدآباد آئے تھے ۔ محمد انور ناظم پیشہ سے ٹیلرنگ کرتا تھا ۔ جو سعادت گنج لکھنو کا ساکن تھا ۔ پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔ ع