بیگم پیٹ کی اوقافی اراضی 30 سالہ لیز پر دینے کا فیصلہ

   

درگاہ جہانگیر پیراں کے انتظامات کا ہراج، وقف بورڈ کی آمدنی میں اضافہ کی مساعی
حیدرآباد: تلنگانہ وقف بورڈ کی آمدنی میں اضافہ کے لئے بیگم پیٹ میں واقع ٹاسک فورس کے سابق آفس کی اوقافی اراضی کو 30 سالہ لیز پر دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ درگاہ حضرت جہانگیر پیراں کے انتظامات کے ہراج کا اعلامیہ جاری کیا گیا ۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے بتایا کہ دونوں فیصلوں سے وقف بورڈ کی آمدنی میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا اور یہ رقم مسلمانوں کی فلاح و بہبود پر خرچ کی جائے گی۔ بیگم پیٹ میں 1100 گز اراضی ، عاشور خانہ نعل مبارک کے تحت ہے جو کئی برسوں سے مخلوعہ ہے۔ ٹاسک فورس آفس کے تخلیہ کے بعد سے اراضی کو ڈیولپمنٹ میں دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا ۔ بورڈ نے اراضی کو 30 سالہ لیز پر دینے کے لئے ٹنڈرس طلب کئے ہیں۔ اس قیمتی اراضی کے حصول کے لئے ابھی تک 25 سے زائد درخواستیں داخل کی گئیں ہیں۔ اراضی کی لیز سے وقف بورڈ کو سالانہ کئی کروڑ کی آمدنی ہوسکتی ہے۔ بورڈ نے جمعہ کو لیز کے لئے آکشن رکھا ہے۔ آکشن میں حصہ لینے والے افراد کو 10 لاکھ روپئے کا ڈی ڈی جمع کرنا ہوگا ۔ ایک کروڑ ڈپازٹ کے ساتھ تین لاکھ روپئے کرایہ مقرر کیا گیا ہے اور آکشن میں تین لاکھ کے بعد بولی لگائی جائے گی ۔ درگاہ حضرت جہانگیر پیراں کے انتظامات کے ہراج میں دلچسپی رکھنے والوں کو 10 لاکھ کی ڈی ڈی جمع کرنی ہوگی۔ گزشتہ سال 2.5 کروڑ میں انتظامات حوالے کئے گئے تھے۔ اس مرتبہ توقع ہے کہ تین کروڑ تک اضافہ ہوگا۔ ان دونوں اوقافی اداروں سے وقف بورڈ کی آمدنی میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہے۔