بی آر ایس امیدواروں میں 18 اپریل کو بی فارمس تقسیم کئے جائیں گے

   

انتخابی مہم کے لیے محمد فاروق حسین سدی پیٹ ، محمد امتیاز اسحاق گدوال اسمبلی حلقوں کے انچارجس
حیدرآباد 16 اپریل : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس ورکنگ صدر کے ٹی آر نے لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کی انتخابی مہم میں شدت پیدا کرنے اسمبلی حلقوں پر رابطہ کمیٹیوں کا اعلان کیا ہے ۔ واضح رہے کہ سابق چیف منسٹر کے سی آر نے 17 لوک سبھا حلقوں کیلئے امیدواروں کا اعلان کردیا ہے ۔ 18 اپریل کو پارٹی کے تمام اہم قائدین کا اجلاس طلب کیا ہے جس میں پارٹی کے امیدواروں کو بی فارم کے ساتھ انتخابی اخراجات کیلئے ہر امیدوار کو فی کس 95 لاکھ روپئے کا چیک بھی حوالے کیا جارہا ہے ۔ اجلاس میں پارٹی کی انتخابی حکمت عملی کو بھی قطعیت دی جائیگی ۔ دوسری طرف انتخابی مہم میں مصروف بی آر ایس ورکنگ صدر کے ٹی آر ریاست کے تمام 17 لوک سبھا حلقوں کا طوفانی دورہ کرکے پارٹی امیدواروں کی انتخابی مہم چلا رہے ہیں ۔ بی آر ایس قائدین و کارکنوں میں اتحاد پیدا کرنے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں اور ان حلقوں پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں جہاں پارٹی کو شکست ہوئی ہے یا کامیاب ارکان اسمبلی کانگریس میں شامل ہوگئے ہیں ۔ فی الحال 17 لوک سبھا حلقوں میں 9 لوک سبھا حلقوں کے حدود میں شامل اسمبلی حلقوں کیلئے رابطہ کمیٹیاں تشکیل دے کر ان کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کا اہتمام کیا ہے اور پارٹی امیدواروں کی کامیابی کیلئے ایک دوسرے سے تال میل میںکام کرنے کا مشورہ دیا ہے ۔ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس اور بی جے پی کو شکست دیتے ہوئے بی آر ایس کے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے پر زور دیا ہے ۔ سابق ایم ایل سی محمد فاروق حسین کو اسمبلی حلقہ سدی پیٹ سابق صدر نشین محمد امتیاز اسحاق کو اسمبلی حلقہ گدوال سابق صدر نشین علیم کو اسمبلی حلقہ نظام آباد اربن کا انچارج نامزد کیا گیا ۔۔ 2