بی آر ایس دور حکومت کے تمام آبپاشی پراجکٹس پر رپورٹ طلب

   

ناقص کاموں کے ذمہ داروں کو بخشا نہیں جائے گا، چیف منسٹر ریونت ریڈی کا عہدیداروں کیساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس
حیدرآباد 18 ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ریاست میں آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر میں مبینہ بے قاعدگیوں پر توجہ مرکوز کی ہے۔ حکومت نے کالیشورم پراجکٹ کے تحت میڈی گڈہ بیاریج کے کاموں میں نقائص کی برسر خدمت ہائیکورٹ جج کے ذریعہ تحقیقات کا اعلان کیا ہے۔ ریونت ریڈی نے وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی کے ہمراہ محکمہ آبپاشی کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں کالیشورم اور میڈی گڈہ پراجکٹ میں مبینہ خامیوں پر عہدیداروں سے وضاحت طلب کی گئی۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہاکہ میڈی گڈہ بیاریج کی تعمیر کے سلسلہ میں تفصیلی رپورٹ پیش کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ غیر معیاری کاموں کے نتیجہ میں بیاریج کے پلرس پانی میں دھنس چکے ہیں جس کے نتیجہ میں بیاریج کو خطرہ لاحق ہوچکا ہے۔ چیف منسٹر نے واضح کیاکہ حکومت آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر میں بے قاعدگیوں کا پتہ چلانے میں سنجیدہ ہے اور جو بھی قصوروار پائے جائیں اُنھیں بخشا نہیں جائے گا۔ اُنھوں نے بی آر ایس دور حکومت میں تعمیر کردہ پراجکٹس پر ہوئے اخراجات کی مکمل تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت دی۔ اُنھوں نے پڑوسی ریاستوں کے ساتھ آبی تنازعہ کی یکسوئی کے لئے کرشنا ریور ٹریبونل میں تلنگانہ کی دعویداری پر حکام سے سوالات کئے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ کسانوں کو دوسری فصل کے لئے پانی کی مؤثر سربراہی یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں۔ اُنھوں نے کہاکہ دیگر ریاستوں سے آبی تنازعہ کی عاجلانہ یکسوئی کے اقدامات کئے جائیں تاکہ پانی کی سربراہی میں دشواری نہ ہو۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہاکہ وہ تمام تر تفصیلات جلد پیش کریں تاکہ حکومت کو منصوبہ بندی کرنے میں مدد ملے۔