بی آر ایس سربراہ کے سی آر یاترا کریں گے

   

18 اپریل کو پارٹی کے اہم قائدین کا اجلاس، شیڈول اور روٹ میاپ جاری کیا جائے گا
حیدرآباد۔ 16 اپریل (سیاست نیوز) بی آر ایس کے سربراہ کے سی آر ریاست میں انتخابی مہم چلانے کے لئے بس یاترا شروع کرنے کی حکمت عملی پر غور کررہے ہیں۔ اس سلسلہ میں 18 اپریل کو ایک اہم اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں کے سی آر کے بس یاترا کے شیڈول کو قطعیت دی جائے گی اور روٹ میاپ جاری کیا جائے گا۔ بی آر ایس کے اقتدار سے محروم ہونے کے بعد پارٹی کے کئی قائدین بی آر ایس سے مستعفی ہوکر کانگریس اور بی جے پی میں شمولیت اختیار کرچکے ہیں جس سے پارٹی کیڈر کے حوصلے پست ہوئے ہیں اور لوک سبھا کی انتخابی مہم کمزور پڑ گئی ہے۔ پارٹی کیڈر میں نیا جوش و خروش بھرنے اور انتخابی مہم میں شدت پیدا کرنے کے لئے کے سی آر بس یاترا کرنے کی تیاری کررہے ہیں۔ حال ہی میں کے سی آر نے خشک سالی سے متاثرہ ہونے والی فصلوں کا معائنہ کیا ہے جس پر عوام نے کے سی آر پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ اسی اعتماد کو برقرار رکھنے کیلئے کے سی آر عوام کے درمیان پہنچنے کی تیاری کررہے ہیں۔ سیکوریٹی وجوہات کی وجہ سے جلسہ اور روڈ شو کرنے کی بجائے کے سی آر بس یاترا کو ترجیح دے رہے ہیں۔ 17 لوک سبھا حلقوں کے تمام منڈلس کا احاطہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ زیادہ سے زیادہ لوک سبھا حلقوں پر کامیابی حاصل کرتے ہوئے پارٹی کیڈر میں نئی جان ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں۔ 2