پارٹی کے خلاف گمراہ کن مہم چلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا انتباہ
حیدرآباد ۔ 7 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے بی آر ایس پارٹی بی جے پی سے اتحاد کرنے یا ضم کرنے سے متعلق چند دنوں سے خبریں اور افواہیں پھیلانے والوں پر سخت برہمی کا اظہار کیا ۔ اس طرح کی خبریں شائع کرنے ، نشر کرنے اور افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا انتباہ دیا ۔ کے ٹی آر نے سوشیل میڈیا کے پلیٹ فارم ’ ایکس ‘ پر ٹوئیٹ کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ بی آر ایس تلنگانہ کی آواز ہے ۔ تلنگانہ کے مفادات کا تحفظ کرنے کے لیے تشکیل پائی ہے ۔ اس پارٹی کے پرچم تلے تحریک چلاتے ہوئے علحدہ تلنگانہ ریاست حاصل کی گئی اور 10 سال تک تلنگانہ کی تعمیر نو کے لیے کام کرتے ہوئے تمام شعبوں میں تلنگانہ کو سرفہرست مقام دلایا گیا ہے ۔ تاہم چند میڈیا ہاوزس اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے بی آر ایس کا بی جے پی سے اتحاد یا انضمام کے تعلق سے جھوٹا پروپگنڈہ چلاتے ہوئے ریاست کے عوام کو گمراہ کیا جارہا ہے جس میں کوئی سچائی نہیں ہے نہ ہی بی آر ایس پارٹی بی جے پی سے اتحاد کرے گی اور نہ ہی ضم ہوگی ۔ انہوں نے بی آر ایس کے خلاف گمراہ کن مہم بند کرنے پر زور دیا ہے ۔ بصورت دیگر قانونی کارروائی کرنے کا انتباہ دیا ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ پارٹی کی تشکیل کے بعد سے ان 24 سال کے دوران اس طرح کے کئی سازشیں ہوئی ہیں جس کا ہم نے سامنا کیا ہے ۔ اس کی پرواہ کئے بغیر ہم نے تلنگانہ حاصل ہونے تک تحریک چلائی ۔ علحدہ ریاست کی تشکیل کے بعد ریاست کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ دی ہے ۔ مختصر عرصے میں ریاست تلنگانہ کو ترقی اور بہبود کے معاملے میں سرفہرست کردیا ملک کی کئی ریاستوں نے تلنگانہ کی ترقی اور فلاحی اسکیمات کی تقلید کی ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ان کی پارٹی صرف اقتدار سے محروم ہوئی ہے مگر عوام کے دلوں میں آج بھی زندہ ہے ۔۔ 2