پارٹی کی جوبلی تقاریب میں شرکت سے قبل پرچم کشائی، شہیدان تلنگانہ کو خراج، کے ٹی آر کارگذار صدر بی آر ایس کا خطاب
حیدرآباد۔27اپریل(سیاست نیوز) تلنگانہ ہی بھارت راشٹرسمیتی کا ایجنڈہ ہے خواہ آج ہویا آئندہ مستقبل میں بی آر ایس کے لئے واحد ایجنڈہ ’تلنگانہ ‘ ہی رہے گا۔ کارگذار صدر بھارت راشٹرسمیتی مسٹر کے ٹی راما راؤ نے آج پارٹی کی سلور جوبلی تقاریب میں شرکت کے لئے روانگی سے قبل پارٹی کے صدر دفتر تلنگانہ بھون میں پارٹی کا پرچم لہرایا اور بعد ازاں وہ گن پارک یادگار شہیداں پہنچے جہاں انہوں نے شہیدان تلنگانہ کو خراج عقیدت پیش کیا اور وہاں سے ٹینک بنڈ پر موجود کونڈا لکشمن باپوجی کے مجسمہ پر گلہائے عقیدت پیش کئے ۔ کے ٹی رامار اؤ نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تحریک تلنگانہ کے دوران کونڈا لکشمن باپوجی اور پروفیسر جئے شنکر نے تحریک تلنگانہ کے ستون کا کردار ادا کیا اور دونوں ہی قائدین نے تحریک تلنگانہ میں شدت پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ کے چندر شیکھر راؤ نے تلنگانہ عوام کے ساتھ متحدہ آندھراپردیش میں ہونے والی ناانصافیوں کو دیکھتے ہوئے 25سال قبل آج ہی کے دن تلنگانہ راشٹرسمیتی کا قیام عمل میں لاتے ہوئے جدوجہد کا آغاز کیا تھا اور پارٹی نے تلنگانہ عوام کے ساتھ کی گئی اس جدوجہد کے دوران سال 2014 میں اپنے مقصد کو حاصل کرلیا اور علحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام کو یقینی بنایا گیا جو کہ نوجوانوں کی قربانیوں اور پروفیسر جئے شنکر ‘ کونڈالکشمن باپوجی کی رہنمائی میں بی آر ایس سربراہ کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت کے سبب ممکن ہوسکا۔ انہو ںنے بتایا کہ بھارت راشٹر سمیتی آج ہویا آئندہ مستقبل میں تلنگانہ کی ترقی اور ثقافت کو بلند رکھنے کے لئے ہر طرح کی قربانی کے لئے تیار ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ علحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام کے متعلق متحدہ ریاست میں یہ تاثر پیدا کیا جانے لگا تھا کہ تلنگانہ کا قیام ممکن نہیں ہے لیکن کے سی آر نے اپنی قیادت اورجدوجہد کے طریقہ کار سے یہ ثابت کردیا کہ علحدہ ریاست تلنگانہ کا حصول مشکل مرحلہ تھا لیکن اس مرحلہ کو بھی پار کرلیا گیا۔ انہوں نے 25 ویں یوم تاسیس پر تلنگانہ عوام بالخصوص پارٹی قائدین و کارکنوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بی آر ایس کو اقتدار کی پرواہ نہیں ہے لیکن تلنگانہ عوام کی خوشحالی بی آر ایس کی اولین ترجیح ہے کیونکہ تلنگانہ عوام کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کے سبب ہی ان کی پارٹی نے جدوجہد کا آغاز کیا تھا اور آج بھی یہ جدوجہد جاری ہے کیونکہ علحدہ ریاست تلنگانہ کے حصول کے ثمرات سماج کے تمام طبقات تک پہنچانے کے اقدامات کو یقینی بنایا جانا ضرور ہے۔کار گذار صدر بی آ ر ایس پارٹی نے کہا کہ تلنگانہ کی تشکیل کے لئے پارٹی نے جو جدوجہد کی ہے اور جدوجہد کے 25 سال مکمل ہوچکے ہیں ۔ انہو ںنے بتایا کہ آئندہ مزید 25 سال بی آر ایس تلنگانہ عوام کی ترقی کے لئے اور تشکیل تلنگانہ کے ثمرات عوام تک پہنچانے کی جدوجہد جاری رکھے گی۔3