بی آر ایس کبھی بھی بی جے پی سے اتحاد نہیں کرے گی۔ شیخ عبداللہ سہیل

   

مسلمانوں کو گمراہ کرنے کانگریس اور اس کی تائید کرنے والی جماعتوں کی افواہ
حیدرآباد ۔ 16 ڈسمبر (سیاست نیوز) بی آر ایس کے قائد شیخ عبداللہ سہیل نے کہا کہ بی آر ایس ایک سیکولر جماعت ہے جو کبھی فرقہ پرست جماعت بی جے پی سے اتحاد نہیں کرے گی۔ چند مفاد پرست طاقتیں اس طرح کی افواہیں پھیلا رہے ہیں جس کی وہ سخت مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات سے قبل بھی اس طرح کی افواہیں پھیلائی گئی اور اب مجوزہ لوک سبھا انتخابات سے قبل منظم سازش کے تحت دوبارہ بی آر ایس۔ بی جے پی اتحاد کی افواہیں پھیلائی جارہی ہیں جس میں کوئی سچائی نہیں ہے۔ اسمبلی انتخابات سے قبل بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے بھی بی آر ایس کی بی جے پی سے اتحاد کرنے کی تردید کی۔ بی آر ایس پارٹی عہد کی پابند ہے۔ وہ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں سے اپیل کررہے ہیں ایسی جھوٹی افواہوں پر ہرگز یقین نہ کریں۔ شیخ عبداللہ سہیل نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں اقلیتوں نے کانگریس کو مسترد کرتے ہوئے بی آر ایس پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ گریٹر حیدرآباد اس کی زندہ مثال ہے جہاں 24 کے منجملہ 16 اسمبلی حلقوں پر بی آر ایس کے امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔ ریاست کے صدر مقام گریٹر حیدرآباد میں 70 فیصد مسلمان قیام پذیر ہیں۔ بی آر ایس پارٹی نے اقلیتوں کی تائید سے بنڈی سنجے، ڈی اروند، رگھونند راؤ، ایٹالہ راجندر کے علاوہ دوسروں کو شکست دی ہے۔ بی جے پی کے کٹر ہندوتوا امیدواروں کے خلاف کانگریس نے طاقتور امیدواروں کو کھڑا نہیں کیا اور نہ ہی کانگریس کے قومی قائدین راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی نے ان اسمبلی حلقوں میں انتخابی مہم چلائی ہے۔