حیدرآباد۔ 24 نومبر (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ نے 29 نومبر کو ریاست گیر سطح پر دکھشا دیوس کا اعلان کیا ہے جس کے تحت تلنگانہ کی کانگریس حکومت کی عوام دشمن پالیسی کو اجاگر کیا جائے گا۔ تلنگانہ بھون میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ ریاست بھر میں دکھشا دیوس بڑے پیمانے پر منایا جائے گا جو پارٹی سربراہ کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے 2009 میں بھوک ہڑتال کے آغاز کی یاد میں رہے گا۔ کے سی آر کی بھوک ہڑتال نے علیحدہ تلنگانہ ریاست کے حصول میں اہم رول ادا کیا تھا۔ کے ٹی آر نے پارٹی کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ بڑی تعداد میں اس پروگرام میں شرکت کریں اور حکومت کی ناکامیوں کو اجاگر کریں۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست کے تمام 33 اضلاع میں یہ پروگرامس منعقد کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 29 نومبر پارٹی کارکنوں کے لئے سنکلپ دکھشا کی طرح رہے گا جس میں تلنگانہ کو کانگریس کے آمرانہ طرز حکمرانی سے نجات دلانے کا عہد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 26 نومبر کو ضلع واری سطح کے اجلاس منعقد کرتے ہوئے پارٹی قائدین تیاریوں کا جائزہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میڑچل میں 9 ڈسمبر کو تلنگانہ تلی مجسمہ کی نقاب کشائی انجام دی جائے گی اور اس پروگرام سے دکھشا دیوس تقاریب کا اختتام ہوگا۔ 9 نومبر 2009 کو کے سی آر کی بھوک ہڑتال نمس میں جاری تھی اور اسی دن مرکز میں برسر اقتدار یو پی اے حکومت نے علیحدہ تلنگانہ ریاست کے قیام کا وعدہ کیا تھا۔ کے ٹی آر نے بتایا کہ 9 ڈسمبر کو ریاست بھر میں بڑے پیمانے پر غریبوں کو کھانا کھلایا جائے گا۔ 1