بی آر ایس کے سربراہ کے سی آر کا اپریل کے پہلے ہفتہ سے اضلاع کا دورہ

   

حکومت کی ناکامی، برقی بحران، پانی کی قلت، کسانوں کے مسائل کو انتخابی مہم میں موضوع بحث بنانے کا عزم
حیدرآباد۔ 27 مارچ (سیاست نیوز) لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر بی آر ایس کے سربراہ سابق چیف منسٹر کے سی آر عوامی مسائل کو انتخابی تشہیر میں تبدیل کرنے کے لئے عوام کے درمیان پہنچنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کے سی آر نے کانگریس حکومت کی ناکامی کا پردہ فاش کرتے ہوئے دوسری طرف برقی بحران اور پینے کے پانی کی قلت، زرعی اور کسانوں کے مسائل کو اہم موضوع بحث بناتے ہوئے عوام کے درمیان پہنچنے کی تیاری کررہے ہیں۔ خشک سالی اور غیر موسمی بارش سے جن فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔ ان کا معائنہ کرنے کا بھی شیڈول تیار کیا جارہا ہے۔ بی آر ایس کے ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ اپریل کے پہلے ہفتہ میں کے سی آر ضلع نلگنڈہ کا دورہ کرنے کی تیاریاں کررہے ہیں۔ اسمبلی حلقہ آلیر میں بورویل تنصیب کرتے ہوئے نقصانات کا شکار ہونے والے موثم پلی گاؤں کے کسانوں سے کے سی آر ملاقات کریں گے۔ پارٹی کی جانب سے اضلاع نلگنڈہ بھونگیر میں فصلوں کے نقصانات اور کسانوں کے مسائل کا بی آر ایس کے قائدین جائزہ لے رہے ہیں اور کے سی آر کے روٹ پلان کو قطعیت دے رہے ہیں۔ ورنگل ضلع کی نمائندگی کرنے والے بی آر ایس کے قائدین ضلع ورنگل کا بھی دورہ کرنے کا پارٹی سربراہ کے سی آر پر دباؤ ڈال رہے ہیں۔ کے سی آر نے دو دن قبل ہی پارٹی قائدین کو ہدایت دے دی ہے کہ وہ فصلوں کے نقصانات پر رپورٹس تیار کریں اور کسانوں سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل سے واقفیت حاصل کریں جس کے بعد اضلاع میں بی آر ایس کے قائدین متحرک ہوگئے ہیں۔ کسانوں کے درمیان پہنچ کر ان کے مسائل اور نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ بی آر ایس کے مقامی قائدین فصلوں کے نقصانات اور کسانوں کے مسائل پر پارٹی ہیڈ کوارٹر کو ایک رپورٹ پیش کریں گے۔ 2