بی آر ایس کے 12 ارکان اسمبلی کانگریس سے ربط میں

   

ڈی ناگیندر کی چیف منسٹر سے ملاقات،بی آر ایس مقننہ پارٹی کے انضمام کے لئے 26 ارکان کی ضرورت
حیدرآباد 15 مارچ (سیاست نیوز) لوک سبھا انتخابات سے عین قبل بی آر ایس کے کئی سینئر قائدین بشمول ارکان اسمبلی کی کانگریس میں شمولیت کا امکان ہے ۔ حالیہ عرصہ میں بی آر ایس کے کئی ارکان اسمبلی نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کرکے پارٹی میں شمولیت کے فیصلہ سے واقف کرایا۔ تازہ ترین تبدیلی کے تحت بی آر ایس رکن اسمبلی خیریت آباد ڈی ناگیندر نے آج چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کی ۔ ناگیندر کی ملاقات کو گھر واپسی سے تعبیر کیا جارہا ہے ۔ ناگیندر کی چیف منسٹر سے ملاقات کے موقع پر تلنگانہ میں کانگریس کی انچارج دیپا داس منشی ، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا ، وزیر اتم کمار ریڈی کے علاوہ آل انڈیا کانگریس کمیٹی سکریٹری منصور علی خاں ، وشنو ناتھ ، روہت چودھری و خیریت آباد کانگریس صدر روہن ریڈی موجود تھے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ناگیندر نے کانگریس میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا ہے اور اندرون دو یوم وہ باقاعدہ کانگریس میں شمولیت اختیار کرلیں گے۔ واضح رہے کہ ڈی ناگیندر کے سیاسی سفر کا کانگریس سے آغاز ہوا تھا اور وہ کانگریس دور میں بحیثیت وزیر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ناگیندر کچھ عرصہ تک تلگو دیشم میں بھی شامل رہے اور 2018 میں خیریت آباد سے بی آر ایس ٹکٹ پر منتخب ہوئے تھے۔ حالیہ چناؤ میں وہ دوسری مرتبہ خیریت آباد سے منتخب ہوئے لیکن کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد سے ناگیندر نے بی آر ایس کی سرگرمیوں سے دوری اختیار کرلی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے گریٹر حیدرآباد میں کانگریس کے استحکام پر توجہ مرکوز کی جس کے تحت گریٹر حیدرآباد کے بی آر ایس اور بی جے پی کے اہم قائدین کو کانگریس میں شمولیت کی ترغیب دی جا رہی ہے ۔ اطلاعات کے مطابق تقریباً 12 بی آر ایس ارکان اسمبلی اس وقت کانگریس سے ربط میں ہیں اور وہ مناسب وقت پر اپنی شمولیت کا اعلان کریں گے۔ گریٹر حیدرآباد میں کانگریس کو ایک بھی اسمبلی نشست پر کامیابی نہیں ملی ۔ چیف منسٹر گریٹر حیدرآباد کے تحت سکندرآباد ، چیوڑلہ اور ملکاجگری لوک سبھا حلقوں میں کانگریس کی کامیابی کی مساعی کر رہے ہیں۔ گریٹر حیدرآباد میں مجالس مقامی سے تعلق رکھنے والے بی آر ایس کے کئی نمائندوں نے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ جی ایچ ایم سی کے 25 بی آر ایس کارپوریٹرس کانگریس میں شمولیت کیلئے تیار ہیں۔ لوک سبھا کی انتخابی مہم کے دوران بی آر ایس ارکان اسمبلی کی کانگریس میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔ اسمبلی میں بی آر ایس ارکان کی تعداد 39 ہے اور انسداد انحراف قانون سے بچنے کیلئے 26 ارکان کو ایک ساتھ علحدگی اختیار کرنی پڑے گی ۔ اگر بی آر ایس کے 26 ارکان یعنی دو تہائی اکثریت کانگریس میں شمولیت اختیار کرتی ہے تو بی آر ایس مقننہ پارٹی کانگریس میں ضم ہوجائے گی۔ گزشتہ اسمبلی میں کے سی آر نے کانگریس ارکان اسمبلی کو بی آر ایس میں شامل کرکے کانگریس کو اہم اپوزیشن کے موقف سے محروم کردیا تھا۔ کانگریس لیجسلیچر پارٹی کو بی آر ایس میں ضم کردیا گیا تھا۔ ریونت ریڈی سیاسی بدلہ کی کارروائی کے طور پر بی آر ایس کے 26 ارکان اسمبلی کی شمولیت کا نشانہ مقرر کرچکے ہیں۔ 1