بی جے پی اترپردیش کا ماحول خراب کرنے سرگرم: اکھلیش

   

لکھنو: سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اکھلیش یادو نے گیا ن واپی واقعہ کا ذکر کیے بغیربی جے پی پر الزام لگایا کہ جس طرح سے ریاست کا ماحول خراب کیا جا رہا ہے، وہ مناسب نہیں ہے۔ لکھنو سے سدھارتھ نگر پہنچے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی گیان واپی مسجد، تاج محل اور دیگر لغو مسائل کے ذریعہ عوام کی توجہ اصل چیزوں سے ہٹا رہی ہے، تاکہ بے روزگاری، مہنگائی پر کوئی تذکرہ نہ کرے۔ ایسا لگتا ہے کہ بی جے پی ون نیشن ون بزنس مین کے لیے کام کر رہی ہے۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس طرح سے ریاست کا ماحول خراب کیا جا رہا ہے وہ مناسب نہیں ہے۔ ریاست میں ایسا ماحول پیدا ہونا چاہیے جہاں ہر طبقے کے لوگ پیار اور آپسی محبت سے رہ سکیں۔انہوں نے کہا کہ سماج وادی پارٹی کے کارکنوں کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ ایک بار پھر عوام کے درمیان رہ کر اور بھی محنت کرکے اپنی حکومت بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی بی جے پی حکومت کی پالیسیوں سے سماج کا ہر طبقہ پریشان ہے۔مہنگائی اور کرپشن اپنے عروج پر ہے۔ یہ حکومت جس طرح من مانی فیصلے لے کر عوام کو پریشان کر رہی ہے، وہ سراسر غلط ہے۔ بی جے پی حکومت میں عام عوام مہنگائی سے اس قدر پریشان ہیں کہ 2 وقت کی روٹی بھی ملنا مشکل ہے، مزید برآں پٹرول، ڈیزل، گیس کی قیمتیں بھی آسمان چھو رہی ہیں۔