بی جے پی رکن اسمبلی کلدیپ سنگھ سینگر کو عمر قید کی سزا

   

۔25 لاکھ روپئے جرمانہ، انائو عصمت ریزی کیس میں ڈسٹرکٹ جج کا فیصلہ
نئی دہلی۔20 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی سے خارج رکن اسمبلی کلدیپ سنگھ سینگر کو 2017ء میں انائو میں خاتون کی عصمت ریزی کے الزام میں عمر قید کی سزا سنائی گئی اور 25 لاکھ روپئے جرمانہ عائد کیا گیا جو اندرون ایک ماہ ادا کرنا ہوگا۔ ڈسٹرکٹ جج دھرمیش شرما نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ کلدیپ سنگھ عوامی خدمت گار ہیں اور انہوںنے عوام کے بھروسہ کو ٹھیس پہنچائی ہے۔ جج نے سزا کے معاملہ میں نرمی سے کام لینے کی درخواست کو مسترد کردیا۔ جج نے عصمت ریزی کا شکار خاتون کی ماں کو دس لاکھ روپئے بطور معاوضہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا۔ عدالت نے سی بی آئی کو ہدایت دی کہ وہ عصمت ریزی کی متاثرہ اور اس کے ارکان خاندان کی سکیوریٹی اور ان کو ملنے والی امکانی دھمکیوں کا ہر تین ماہ میں جائزہ لے۔ دہلی کمیشن برائے خواتین کی جانب سے مزید ایک سال کرایہ کے مکان کی فراہمی اور اترپردیش حکومت کو ماہانہ 15 ہزار روپئے کرایہ ادا کرنے کی ہدایت دی گئی۔ عدالت نے پیر کو سینگر کو 2017ء میں انائو میں ایک کمسن کی عصمت ریزی کا قصوروار قرار دیا تھا اور آج سزا سنائی۔ جاریہ سال اگست میں پاکسو ایکٹ میں ترمیم کی گئی جس میں کمسن سے عصمت ریزی پر موت کی سزا کی گنجائش رکھی گئی ہے لیکن یہ واقعہ ترمیم سے پہلے 2017ء میں پیش آیا ہے لہٰذا اس کا اطلاق نہیں ہوگا۔ اس کیس کی شریک ملزمہ ششی سنگھ کو تمام ا لزامات سے بری کردیا گیا کیوں کہ سی بی آئی یہ ثابت کرنے میں ناکام رہی کہ وہ سینگر کے ساتھ سازش میں شریک تھی۔ جنسی جرائم سے بچوں کے تحفظ کے قانون (پوکسو ایکٹ) کے تحت سزا سناتے ہوئے عدالت نے کہا کہ سی بی آئی نے یہ ثابت کیا ہے کہ لڑکی عصمت ریزی کے وقت کمسن تھی۔