بی جے پی رکن اسمبلی کے خلاف ایس سیایس ٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج

   

نئی دہلی 17 ستمبر ( ایجنسیز ) شمال مغربی دہلی کے منڈکا حلقہ کے بی جے پی رکن اسمبلی گجیندر ڈرال کے خلاف پولیس نے ایس سی ایس ٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ اس مقدمہ میں دیگر کچھ افراد کے نام بھی شامل کئے گئے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ بی جے پی کے ہی ایک دلت کارکن سنیل کمار نے الزام عائد کیا تھا کہ مسٹر گجیندر ڈرال اور کچھ ساتھیوں کے پارٹی آفس میں اس کو شدید زد و کوب کا نشانہ بنایا تھا اور اس کے خلاف ذات پات پر مبنی تبصرے کئے گئے تھے ۔ پارٹی کارکن کی جانب سے پانچ دن قبل عائد کئے گئے الزامات کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بی جے پی رکن اسمبلی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ اس مقدمہ میں ایس سی ‘ ایس ٹی مظالم ایکٹ کے تحت دفعات کو بھی شامل کیا گیا ہے ۔ یہ ایف آئی آر کنجھا والا پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا ہے ۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے کہا کہ آرمس ایکٹ کی دفعات کو بھی شامل کیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ بی جے پی رکن اسمبلی نے جوابی شکایت بھی درج کروائی گئی ہے اور اس میں عائد کئے گئے الزامات کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں ۔