بی جے پی لوک سبھا انتخابات کیلئے پوری طرح تیار

   

پارٹی تلنگانہ میں تمام 17 نشستوں پر مقابلہ کرے گی : ڈاکٹر لکشمن

حیدرآباد ۔ 16 فبروری (سیاست نیوز) بی جے پی تلنگانہ یونٹ صدر ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی 17 ویں لوک سبھا انتخابات کیلئے پوری طرح تیار ہے اور پارٹی تلنگانہ میں تمام 17 حلقوں سے مقابلہ کرے گی۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پارٹی ان انتخابات میں کئی نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی کیونکہ پارلیمانی انتخابات اسمبلی انتخابات سے مختلف ہوتے ہیں۔ آج یہاں میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ پارٹی نے ہر پارلیمانی حلقہ کیلئے کلسٹرس بنائے ہیں اور کئی کلسٹر میٹنگس کا انعقاد ہوا ہے جس میںسینئر مرکزی وزراء اور پارٹی قائدین نے شرکت کی اور مخاطب کیا۔ انہوں نے کہاکہ فبروری کے اختتام میں پارٹی کے قومی صدر امیت شاہ نظام آباد کلسٹر سے خطاب کریں گے اور مارچ کے پہلے ہفتہ میں وزیراعظم نریندر مودی شہر کا دورہ کریں گے اور سکندرآباد پارلیمانی کلسٹر سے مخاطب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی جانب سے 18 فبروری کو چیف الیکٹورل آفیسر کے ذریعہ چیف الیکشن کمیشن کو ایک یادداشت پیش کرتے ہوئے رائے دہی کے وقت میں اضافہ کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا۔ ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ اس یادداشت میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینس کی تعداد میں اضافہ کرنے کا بھی مطالبہ کیا جائے گا تاکہ طویل قطاروں سے بچا جاسکے۔