نئی دہلی: بی جے پی کسان مورچہ کے منڈل صدر کندن سنگھ کو عصمت دری اور قتل کے معاملے میں آج بستی ضلع میں گرفتار کیا گیا ہے۔ چھٹی جماعت کی 14 سالہ لڑکی کو کندن کے بند گھر میں وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ گھر کی دوسری منزل میں لڑکی کو پہلے زیادتی کا نشانہ بنایا اور پھر قتل کر دیا گیا۔ پولیس نے اس معاملے میں 2 دیگر ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔معاملہ گوڑ تھانہ علاقہ کے ایک گاؤں سے متعلق ہے،جہاں پیر کی دیر رات ملزم کندن سنگھ کے گھر کے قریب سے لڑکی کی لاش برآمد ہوئی۔ نابالغ لڑکی کو گھر کی سیڑھیوں سے گھسیٹ کر اسکول کے پیچھے سڑک کے کنارے پھینک دیا گیا۔ تینوں ملزمان کوآج گرفتار کیا گیا اور ان کے خلاف عصمت دری اور قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔رشتہ داروں نے گاؤں والوں کے ساتھ مظاہرہ کیا۔اس سے قبل منگل کی دیر شام، خاندان کے افراد نے گاؤں والوں کے ساتھ مل کر بیٹی کے ساتھ پیش آئے ظلم پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے گاؤں کو بلاک کر دیا۔ نعرے بازی کرتے ہوئے مظاہرہ کیا گیا۔کیس میں پوسٹ مارٹم رپورٹ میں زیادتی کی تصدیق ہونے پر 3 ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ زور پکڑ ا۔ملزموں میں سے ایک کی عمر 14 سال ہے اور اسے پولیس نے گرفتار کر لیا ہے، جب کہ دوسرے 23 اور 24 سال کی عمر کے ہیں۔پولیس افسران کے تیقن پر مشتعل گاؤں والے اپنے گھر لوٹ گئے۔