بی جے پی پارلیمانی امیدواروں کا جمعہ کو فیصلہ

   

حیدرآباد 12 مارچ ( پی ٹی آئی ) بی جے پی کی جانب سے تلنگانہ میں لوک سبھا انتخابات کیلئے اپنے امیدواروں کا 15 مارچ کو فیصلہ کیا جائیگا ۔ پارٹی ترجمان کرشنا ساگر راو نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ امکان ہے کہ امیدواروں کے ناموں کا اسی دن یا پھر 16 مارچ کو بھی اعلان ہوسکتا ہے ۔ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کا مظاہرہ انتہائی ناقص رہا تھا اور اسے صرف ایک حلقہ سے کامیابی حاصل ہوئی تھی ۔ زائداز 100 اسمبلی حلقوں میں بی جے پی امیدواروں کی ضمانتیں بھی ضبط ہوگئی تھیں۔ کرشنا ساگر راو نے کہا کہ بی جے پی کے خیال میں ریاست کے رائے دہندے باشعور ہیں اور انہیں ریاستی اور قومی انتخابات میں فرق کا احساس ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں تلنگانہ کے عوام ایک مستحکم اور طاقتور حکومت کے حق میں ووٹ دینگے جو بی جے پی کی ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ ریاست میں کانگریس پارٹی پوری طرح الجھن کا شکار ہے کیونکہ اس کے کئی اہم قائدین ٹی آر ایس میںشامل ہو رہے ہیں۔