بی جے پی کا 12 نومبر کو راما گنڈم میں جلسہ وزیر اعظم مودی خطاب کرینگے ۔ طاقت کے مظاہرہ کی کوشش

   

حیدرآباد۔/5 نومبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ بی جے پی نے 12 نومبر کو راما گنڈم میں وزیر اعظم نریندر مودی کا بڑا جلسہ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ صدر تلنگانہ بی جے پی بنڈی سنجے کی قیادت میں بی جے پی دفتر پر متحدہ اضلاع عادل آباد، کریم نگر، ورنگل کے قائدین کا اجلاس طلب کیا گیا جس میں وزیر اعظم کے جلسہ عام کو کامیاب بنانے حکمت عملی تیار کی گئی۔ بعد ازاں پریس کانفرنس سے خطاب میں بنڈی سنجے نے کہا کہ جلسہ میں ایک لاکھ عوام کو اکٹھا کرنے اور بی جے پی کی سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور جلسہ کو کامیاب بنانے کی تیاریوں کا آغاز کردیا گیا ۔ متذکرہ اضلاع کے تمام اسمبلی حلقوں سے کسانوں، نوجوانوں اور پارٹی کارکنوں کو منتقل کیا جائیگا اور عوام میں شعور بیداری کیلئے خصوصی مہم چلائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 6,120 کروڑ کی لاگت سے راما گنڈم فرٹیلائزر فیکٹری کی تزئین و آرائش کرکے کسانوں کو فائدہ پہنچانے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ فرٹیلائزر فیکٹری کی تزئین نو سے تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے بشمول جنوبی ہند کے کسانوں کو کھاد بغیر قلت سربراہ کی جائیگی۔ن