بی جے پی کو ملک میں 240 نشستیں حاصل ہوں گی: ریونت ریڈی

   

انڈیا الائنس حکومت تشکیل دے گا، تلنگانہ میں کانگریس کو 15 نشستیں
حیدرآباد۔/17 اپریل، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے دعویٰ کیا ہے کہ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس زیر قیادت انڈیا الائنس برسراقتدار آئے گا اور نریندر مودی کو تیسری مرتبہ اقتدار حاصل نہیں ہوگا۔ قومی نیوز چینلس کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ بی جے پی اب کی بار 400 پار کا نعرہ لگارہی ہے جو محض ایک خواب ہے۔ بی جے پی کو ملک بھر میں 214 تا 240 نشستیں حاصل ہوں گی اور شمالی ہند کی ریاستوں میں بی جے پی کی نشستوں کی تعداد میں کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ تلگوریاستوں سے لوک سبھا میں 42 ارکان ہیں لیکن نریندر مودی نے صرف ایک وزیر کو اپنی کابینہ میں شامل کیا ہے۔ گجرات میں 28 ارکان پارلیمنٹ ہیں اور مرکزی کابینہ میں 7 کو نمائندگی دی گئی۔ اترپردیش میں بی جے پی کے 62 ارکان ہیں لیکن مرکزی کابینہ میں 12 وزراء شامل کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام عہدوں پر شمالی ہند کی ریاستوں کا قبضہ ہے اور جنوبی ہند کو نظرانداز کردیا گیا۔ انہوں نے نریندر مودی کے جلسوں میں عوامی ہجوم کے بارے میں پوچھے جانے پر کہا کہ کبھی کبھار مزاحیہ فلمیں بھی کامیاب ہوجاتی ہیں اور نریندر مودی جلسوں کا کچھ یہی حال ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کی تشکیل سونیا گاندھی کی مساعی کا نتیجہ ہے ورنہ مزید 100 سال تک علحدہ تلنگانہ نہیں بنتا۔ انہوں نے کہا کہ اب کی بار 400 پار کا نعرہ سننے کیلئے اچھا ہے جبکہ اس مرتبہ گجرات، راجستھان، دہلی، ہریانہ، بہار اور اترپردیش میں بی جے پی کی نشستوں میں کمی واقع ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ہند میں 129 لوک سبھا نشستیں ہیں جہاں انڈیا الائنس کا بہتر مظاہرہ رہے گا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کے چار ارکان پارلیمنٹ ہیں لیکن اس مرتبہ صرف دو نشستیں حاصل ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر بھی 100 اسمبلی نشستوں کا دعویٰ کررہے تھے لیکن محض 39 نشستیں بی آر ایس کو حاصل ہوئی ہیں۔ انہوں نے کانگریس کو تلنگانہ میں 15 نشستوں پر کامیابی کا دعویٰ کیا۔1