بی جے پی کو ووٹ دیا گیا تو وزیراعظم دستور کو تبدیل کردیں گے : پدما راؤ گوڑ

   

پسماندہ طبقات اور مسلم تحفظات کو ختم کردیا جائے گا ، حلقہ لوک سبھا سکندرآباد سے کانگریس کا ڈمی امیدوار
حیدرآباد ۔ 26 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : حلقہ لوک سبھا سکندرآباد کے بی آر ایس امیدوار پدما راؤ گوڑ نے کہا کہ اگر بی جے پی کو ووٹ دیا گیا اور کشن ریڈی کو کامیاب بنادیا گیا تو وزیراعظم مودی دستور تبدیل کردیں گے اور آر ایس ایس ایجنڈے پر بی جے پی عمل کرتے ہوئے پسماندہ طبقات اور مسلم تحفظات کو ختم کردیں گے لہذا وہ عوام سے اپیل کرتے ہیں بی جے پی اور کانگریس کو بھاری اکثریت سے شکست دیتے ہوئے بی آر ایس کو کامیاب بنایا جائے ۔ اسمبلی حلقہ سکندرآباد کے میٹوگوڑہ ڈیویژن میں پدما راؤ گوڑ نے پدیاترا کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سے واقفیت حاصل کی ۔ عوام نے انہیں بتایا کہ کانگریس کی حکومت تشکیل پانے کے بعد برقی کے مسائل شروع ہوچکے ہیں ۔ پینے کے پانی کی قلت پیدا ہوگئی ہے ۔ کانگریس پارٹی نے 6 گیارنٹی کا وعدہ کیا جب عمل آوری کا وقت آیا تو انہیں مشروط بنادیا گیا ہے ۔ جی کشن ریڈی پر بھروسہ کیا گیا کامیابی کے بعد وہ مرکزی وزیر بنے اور عوام کو دستیاب نہیں ہورہے ہیں ۔ پدما راؤ گوڑ نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی آر ایس کے دور حکومت میں کبھی برقی کا کوئی مسئلہ نہیں تھا اور نہ ہی پانی کی قلت پیدا ہوئی تھی ۔ سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ بہتر اڈمنسٹریٹر تھے ۔ انہوں نے برقی اور پینے کے پانی کے مسائل کو حل کردیا تھا ۔ شہر حیدرآباد کو ترقی دینے کے علاوہ عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کی مختلف فلاحی اسکیمات سے سماج کے تمام طبقات کو فائدہ پہونچایا ۔ کانگریس پارٹی نے 6 گیارنٹی کا اعلان کیا ۔ عوام کو ہتھیلی میں جنت دکھائی ۔ عوام نے کانگریس پارٹی پر بھروسہ جتایا ۔ اقتدار حاصل کرتے ہی عوام سے کئے گئے وعدوں کو فراموش کردیا ۔ 100 دن میں کانگریس حکومت پر عوامی ناراضگی کا آغاز ہوگیا ۔ کانگریس پارٹی نے بی جے پی سے خفیہ معاہدہ کیا ہے اور حلقہ لوک سبھا سکندرآباد سے ڈمی امیدوار کو انتخابی میدان میں اتارا ہے ۔ پدما راؤ گوڑ نے کہا کہ یہ امتحان کا وقت ہے ۔ حلقہ لوک سبھا سکندرآباد کے عوام چوکنا ہوجائے ۔ اپنے ووٹ کی طاقت سے کانگریس اور بی جے پی دونوں کو شکست دیں تھوڑی سی بھی غفلت اور لاپرواہی آئندہ پانچ سال تباہ و برباد کردے گی ۔ اگر کانگریس کے ڈمی امیدوار ناگیندر کو ووٹ دیا گیا تو ووٹ تقسیم ہوجائیں گے ۔ اور اس کا فائدہ فرقہ پرست بی جے پی کو ہوگا ۔ مرکز میں بی جے پی کی حکومت قائم ہوئی تو وزیراعظم نریندر مودی دستور تبدیل کردیں گے اور مخالف عوام دشمن پالیسیوں پر عمل کرتے ہوئے عوام کو پریشان کریں گے ۔ ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی اور مسلم تحفظات کو ختم کردیا جائے گا ۔ این ڈی اے کے 10 سالہ دور حکومت میں وزیراعظم نے تلنگانہ سے کوئی انصاف نہیں کیا اور نہ ہی حلقہ لوک سبھا سکندرآباد کو کوئی ترقی دی گئی ۔ بی جے پی اور کانگریس کو ووٹ مانگنے کا اخلاقی حق بھی نہیں ہے ۔۔ 2