بی جے پی کو پانچ سال بعد کے سی آر کی بدعنوانیاں یاد آئیں: جیون ریڈی

   

ایک دوسرے کے الزامات محض دکھاوا، پارلیمنٹ میں بلز کی تائید

حیدرآباد۔/20 اگسٹ، ( سیاست نیوز) کانگریس کے رکن کونسل ٹی جیون ریڈی نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی کو پانچ سال بعد ٹی آر ایس حکومت کی بے قاعدگیاں یاد آرہی ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جیون ریڈی نے بی جے پی اور ٹی آر ایس کے رویہ پر تنقید کی اور کہا کہ بظاہر ایک دوسرے پر تنقید کرنے والی جماعتیں اندرونی طور پر ایک ہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو کم از کم اب عقل آئی ہے اور ٹی آر ایس حکومت کی بدعنوانیوں کے بارے میں بات کررہی ہے۔ کالیشورم اور مشن بھگیرتا میں بدعنوانیوں کے خلاف سی بی آئی تحقیقات کی کیا بی جے پی میں ہمت ہے؟ ۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانیوں کو ثابت کرنے کیلئے کانگریس پارٹی تیار ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی اور ٹی آر ایس ایک دوسرے کو مارنے اور گالی دینے کا ڈرامہ کررہے ہیں جبکہ حقیقت یہ ہے کہ دونوں میں باہمی گٹھ جوڑ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو گمراہ کرنے کیلئے اس طرح کی سیاست کی جارہی ہے۔ جیون ریڈی نے کہا کہ لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں حکومت کے تمام بلز کی منظوری میں ٹی آر ایس کا مکمل تعاون حاصل رہا۔ اس کے باوجود دونوں پارٹیاں دکھاوے کیلئے ایک دوسرے پر تنقید کررہی ہیں۔ اگر بی جے پی کی تنقیدوں میں سچائی ہو تو اسے ٹی آر ایس حکومت کے خلاف سی بی آئی تحقیقات کا اعلان کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کیلئے کوئی جگہ نہیں اور ٹی آر ایس کے متبادل بننے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی مستحکم ہے اور وہی ٹی آرایس کا متبادل بن سکتی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آئندہ انتخابات میں ٹی آر ایس کو عوام سبق سکھائیں گے اور کانگریس برسر اقتدار آئے گی۔