بی جے پی کو 400 حلقوں میں کامیابی کیلئے پاکستان میں بھی مقابلہ کرنا پڑیگا

   

ریونت ریڈی کا ریمارک ۔ کیرالا میں دوسرے دن چیف منسٹر تلنگانہ کی طوفانی انتخابی مہم
حیدرآباد ۔ 18 ۔ اپریل (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ اگر بی جے پی کو 400 لوک سبھا حلقوں پر کامیابی حاصل کرنا ہے تو انہیں پاکستان میں بھی مقابلہ کرنا پڑے گا ۔ اس مرتبہ کانگریس اور انڈیا اتحاد بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگا اور راہول گاندھی آئندہ وزیراعظم ہوں گے ۔ کیرالا کے وائینارڈ میں کسانوں کے اجلاس سے خطاب میں چیف منسٹر نے کہا کہ کیرالا کے عوام محنت کش ہے جنہوں نے اپنی محنت سے دوبئی کی ترقی میں اہم رول ادا کیا ۔ کیرالا کے عوام کو انتخابات پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہئے ۔ فرقہ پرست بی جے پی سے کیرالا میں خفیہ اتحاد کرنے والے سی پی ایم کو شکست دینے کی ضرورت ہے۔ کیرالا چیف منسٹر پی وجین اور ان کے ارکان خاندان پوری طرح بدعنوانیوں میں غرق ہیں۔ سونے کی اسمگلنگ میں چیف منسٹر کے ارکان خاندان ملوث ہیں۔ وزیراعظم مودی سے خفیہ ساز باز کی وجہ سے ای ڈی اور انکم ٹیکس نے ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی ہے ۔ ریاست کی ترقی اور فنڈس کی وصولی کے لئے مرکز سے جنگ کے بجائے چیف منسٹر کیرالا مودی سے دوستی نبھار ہے ہیں جبکہ تلنگانہ ، کرناٹک ، جھارکھنڈ اور دہلی جیسی ریاست فنڈس کیلئے مرکز کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں جبکہ کیرالا کے چیف منسٹر کوئی جدوجہد نہیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر بظاہر کمیونسٹ ہیں لیکن وہ فرقہ پرستوں کا ساتھ دے رہے ہیں۔ بی جے پی کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ وائینارڈ میں راہول گاندھی کے خلاف مقابلہ کرنے والے بی جے پی امیدوار سریندرن کی چیف منسٹر کیرالا تائید کر رہے ہیں۔ اپنی پارٹی کے ساتھ کیرالا کے عوام کو بھی دھوکہ دے رہے ہیں ۔ منی پور میں سینکڑوں عیسائیوں کو بی جے پی کے غنڈوں نے قتل کیا ہے مگر افسوس کی بات ہے کہ وزیراعظم اور امیت شاہ نے ابھی تک منی پور کا دورہ نہیں کیا ہے جبکہ راہول گاندھی منی پور کا دورہ کرتے ہوئے متاثرین سے ملاقات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 9 جون کو راہول گاندھی ملک کے وزیراعظم کی حیثیت سے حلف لیں گے۔ ملک میں دو خاندانوں کے درمیان مقابلہ ہورہا ہے ۔ ایک مودی پریوار ہے جس نے ای ڈی ، ای وی ایم ، سی بی آئی ، انکم ٹیکس ، اڈانی ، امبانی ہے ۔ دوسرا انڈیا کا خاندان جس میں اندرا گاندھی ، راجیو گاندھی ، سونیا گاندھی ، راہول گاندھی ، پرینکا گاندھی ، وائینارڈ کے ارکان خاندان ۔ اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی نے ملک کیلئے قربانیاں دی ہیں جبکہ سونیا گاندھی اور راہول گاندھی نے وزیراعظم عہدہ کی قربانی دی ہے ۔ اب ملک کا مقابلہ وارانسی اور وائینارڈ میں تبدیل ہوگیا۔ 10 سال تک وارانسی کی نمائندگی کرنے والے نریندر مودی نے وزیراعظم کے عہدہ پر خدمات انجام دی ہے ۔ آئندہ 20 سال تک وائینارڈ کی نمائندگی کرنے والے راہول گاندھی وزیراعظم کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے۔ وائینارڈ کے عوام راہول گاندھی کے ساتھ ہیں۔ عوام کے پیار و محبت کو دیکھنے کیلئے وہ یہاں آئے ہیں جبکہ یہاں پر کسی کو انتخابی مہم چلانے کی ضرورت نہیں۔ گزشتہ انتخابی میں راہول گاندھی نے وائینارڈ سے 65 فیصد ووٹ حاصل کئے تھے۔ اس مرتبہ 75 فیصد ووٹ حاصل کریں گے ۔ 2