بی جے پی کی مرکزی حکومت نے تلنگانہ کیلئے کچھ نہیںکیا

   

ریاست کی کانگریس حکومت بی آر ایس پررونا بند کرے، کسانوں پر توجہ دے۔ سنگاریڈی میں ٹی ہریش راؤ کا خطاب

سنگاریڈی 6 اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاست میں خشک سالی اور کسانوں کے مسائل پر بی آر ایس پارٹی نے آج نٹراج تھیٹر کے روبرو رائتو دیکشا منعقد کیا جس کو مخاطب کرتے ہوے ہریش راو نے کہا کہ کانگریس حکومت کسانوں کے مسائل کی یکسوئی اور ان کی امداد میں یکسر ناکام ہوگئی ہے۔ ریاست میں خشک سالی کی وجہ سے کھڑی فصلیں سوکھ گئی اور کسان پریشان حال ہے لیکن کانگریس حکومت کے کسی وزیر یا وزیر اعلیٰ نے ان پریشان حال کسانوں سے ملاقات کرنا تک گوارہ نھیں کیا۔ کانگریس حکومت فقط سیاست کرنے میں مصروف ہے۔ پارلیمنٹ انتخابات کی فکر ہے لیکن کسانوں کے سوکھے کھیت نظر نہیں آرہے ہیں۔ کانگریس جنتی محنت و مشقت بی آر ایس پارٹی کو بدنام کرنے کے لیے کر رہی ہے اگر اتنا کسانوں کے لیے کرلیا ہوتا تو کسانوں کے کئی ایک مسائل حل ہوچکے ہوتے۔ کانگریس پارٹی کے سی آر اور بی آر ایس پر رونا بند کرے اور کسانوں کے مسائل پر توجہ دیں ورنہ انھیں عوامی ناراضگی کا سامنا کرنا پڑیگا۔ ریاست تلنگانہ میں دس سال کے سی آر چیف منسٹر رہے ان کے دور میں خشک سالی کی صورتحال پیدا نھیں ہوئی۔ کے سی آر نے اپنی دور اندیشی سے ذاخائر آب تعمیر کروائے اور پانی کی کمی پیدا ہونے نہیں دی۔ بی آر ایس دور ہر طرف سبزہ نظر آتا تھا۔ کسان خوش حال تھا اور ملک میں سب سے زیادہ چاول کی پیداور تلنگانہ میں ہوئی۔ کانگریس حکومت آکر چار ماہ کا عرصہ ہوا اور ریاست کی تصویر الٹ گئی۔ مایوس کسان اپنے سوکھے کھیت جلا رہے ہیں، پانی کی قلت ہے اور ذخائر آب خشک ہو رہے ہے یہ سب حکومت کی نا اہلی کا نتیجہ ہے۔ حکومت ڈیم کی مرمت کرکے اس میں پانی جمع رکھنے کی بجاے اس پر سیاست کر رہی ہے جس کا خمیازہ کسانوں کو بھگتنا پڑھ رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی شب و روز مذہبی منافرت پھیلا رہی ہے۔ انھیں کسانوں اور عوام کی بھلائی سے کوئی سروکار نہیں ہے۔ نفرت پھیلانا ووٹ لینا ان کی سیاست ہے۔ بی جے پی مرکزی حکومت نے تلنگانہ کے لیے کچھ نہیں کیا ،دس سال میں کم از کم ایک آبپاشی پراجیکٹ کو قومی درجہ نہیں دیا اور نا ہی کوئی مخصوص پراجیکٹ منظور کیا ہے۔ ریاست کے کسان اور عوام ان حقائق سے آگاہ ہوکر پارلیمانی انتخابات میں تلنگانہ کی پارٹی بی آر ایس کا ساتھ دیں اور حلقہ پارلیمنٹ میدک سے بی آر ایس امیدوار سابق آئی اے ایس عہدیدار وینکٹ رام ریڈی کو ووٹ دیکر بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔ چنتا پربھاکر رکن اسمبلی سنگاریڈی و صدر بی آر ایس پارٹی ضلع سنگاریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی دیگر پارٹیوں کے قائدین کو کانگریس میں شامل کرنے کا دل بدلی کا سیاسی گیٹ نھیں بلکہ عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کے گیٹ کھولیں۔ کسانوں کے مسائل کو حل کرنے کا دروازہ کھولیں۔ دیکشا کو بچی ریڈی، نر ہر ریڈی، ایم راجندر، پی مانکیم اور دیگر نے مخاطب کیا۔