بی جے پی کے نند کشور یادو کا اسمبلی اسپیکر کیلئے پرچہ نامزدگی کا ادخال

   

پٹنہ: بی جے پی کے سینئر لیڈر نند کشور یادو نے منگل کو اسمبلی اسپیکر کے عہدے کیلئے پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ یادو نے اسمبلی سکریٹری کے سامنے اسمبلی اسپیکر کے عہدہ کیلئے پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نتیش کمار، دونوں نائب وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری اور وجے کمار سنہا کے علاوہ پارلیمانی امور کے وزیر وجے کمار چودھری، وزیر تعاون ڈاکٹر پریم کمار، دیہی ترقی کے وزیر شراون کمار، سابق وزیر شاہنواز حسین اور جے ڈی یو اور بی جے پی کے دیگر سینئر لیڈران موجود تھے۔
اسمبلی اسپیکر کے عہدے کا انتخاب 15 فروری کو ہونا ہے ۔ انتخابات کیلئے امیدوار 14 فروری کی دوپہر 12 بجے تک کاغذات نامزدگی داخل کر سکتے ہیں۔ امکان ہے کہ اپوزیشن کی طرف سے کوئی امیدوار پرچہ نامزدگی داخل نہیں کرے گا، ایسے میں یادو کا بلا مقابلہ منتخب ہونا یقینی ہے ۔ تاہم اس کا باقاعدہ اعلان جمعرات کو ہی اسمبلی میں کیا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ 2020 کے انتخابات کے بعد نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے ) کی حکومت کے قیام کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کوٹے سے قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر بنے وجے کمار سنہا نے 2022 میں مہاگٹھبندھن حکومت کی تشکیل کے بعد اسپیکر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ اس کے بعد مہاگٹھبندھن کی جانب سے راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے اودھ بہاری چودھری اسپیکر بنے لیکن ایک بار اقتدار کی تبدیلی کے بعد این ڈی اے کی حکومت بننے پر چودھری کو تحریک عدم اعتماد کے ذریعے عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ چودھری کو عہدے سے ہٹائے جانے کی وجہ سے اسپیکر کیلئے انتخابات ہو رہے ہیں۔