تاجرین و صنعتکاروں کا کروڑہا روپئے کا عطیہ

,

   

چیف منسٹر
ریلیف فنڈ

ٹی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ و اسمبلی کا دو ماہ کی تنخواہ دینے کا اعلان
متاثرین کی بازآبادکاری میں تعاون پر کے ٹی آر کا اظہار تشکر

حیدرآباد:حیدرآباد کو درپیش سیلاب کی صورتحال سے پریشان لوگوں کی مدد کیلئے چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں کروڑہا روپئے جمع ہونے لگے ہیں ۔ چیف منسٹر کے چند رشیکھر راؤ کی جانب سے کی حیدرآباد میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں راحت کاری کامو ںکیلئے کی جانے والی اپیل پر مثبت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے صنعتکاروں‘ تاجرین‘ فلم سازاور فلم اداکاروں کی جانب سے کروڑہا روپئے چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں دیئے جانے لگے ہیں۔تلنگانہ راشٹرسمیتی کے ارکان پارلیمان ‘ ارکان اسمبلی اور ارکان قانون ساز کونسل نے اپنی دو ماہ کی تنخواہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے دینے کا اعلان کیا ہے جبکہ میگھا انفراسٹرکچر کی جانب سے چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں 10کروڑ کا عطیہ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اسی طرح مائی ہوم کنسٹرکشنس نے سی ایم آر ایف میں 5کروڑ کا عطیہ دینے کا اعلان کیا ہے جبکہ تلگو فلم صنعت کے اداکار چرنجیوی نے ایک کروڑ‘ مہیش بابو نے ایک کروڑ ‘ جونیئر این ٹی آر نے 50لاکھ ‘ وجئے دیورکنڈہ نے 10لاکھ‘ ڈائریکٹر ہریش شنکر نے 5لاکھ اور انیل روی پوڈی نے 5لاکھ کا عطیہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤ نے چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں عطیہ دہندگان سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں حیدرآباد کے سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے دی جانے والی اس امداد کو یاد رکھا جائے گا۔ انہو ںنے چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں کشادہ دلی کے ساتھ عطیات دینے اور حیدرآباد کے سیلاب متاثرین کی بازآباد کاری کے علاوہ راحت کاری کاموں میں تعاون کرنے کی اپیل کی ۔

بارش متاثرین میں ارکان اسمبلی اعتماد پیداکریں:کے ٹی آر
حیدرآباد:شہر حیدرآباد میں شدیدبارش سے متاثرہ کالونیوں میں راحت کاموں میں تیزی پیداکرنے کی وزیربلدی نظم ونسق کے تارک راما راو نے ہدایت دی۔انہوں نے گریٹرحیدرآباد میونسپل کارپوریشن(جی ایچ ایم سی)کے حدود کے ارکان اسمبلی، مئیر،ڈپٹی مئیر کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا۔پرگتی بھون میں ہوئے اس جائزہ اجلاس میں عوامی نمائندوں نے کے تارک راما راؤ کو راحت کاموں سے متعلق اطلاعات فراہم کیں۔اس موقع پر کے تارک راما راؤ نے کہا کہ آئندہ دس دنوں کے دوران ہر دن ایک رکن اسمبلی بارش سے متاثرہ علاقہ میں راحت کام کی نگرانی کرے ۔وزیرموصوف نے کہا کہ ہر رکن اسمبلی کو چاہئے کہ وہ عوام کے درمیان رہتے ہوئے مایوسی کے شکارہرخاندان میں بھروسہ پیداکرے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کی جانب سے کئے گئے متاثرین کے لئے رقمی اعلان کے مطابق ہر متاثرہ خاندان کے لئے مالی امداد کویقینی بنایاجائے ۔