تاریخی عمارت نامپلی سرائے اچانک منہدم،بارش سے عمارت کو نقصان ، دو افراد زخمی

,

   

حیدرآباد ۔ 19 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : نامپلی کے علاقہ میں قدیم تاریخی عمارت نامپلی سرائے آج اچانک منہدم ہوگیا ۔ نامپلی ریلوے اسٹیشن کے قریب واقع نامپلی سرائے کا ایک حصہ منہدم ہوگیا ۔ گذشتہ چند روز سے جاری بارش کے سبب اس عمارت کو شدید نقصان پہونچا اور سرائے کی عمارت منہدم ہونے سے دو افراد زخمی ہوگئے ۔ مسلسل لاپرواہی کے سبب نامپلی سرائے کی عمارت خستہ حالی کا ثبوت پیش کررہی تھی اور اس عمارت کے وجود کو خطرہ لاحق ہونے اور ایسے کسی انجام کے تعلق بارہا توجہ دلائی جانے کے باوجود بلدی عہدیداروں کی مبینہ طور پر مجرمانہ غفلت جاری تھی اور میٹرو ریل پراجکٹ کی تعمیر کے دوران بھی احتیاطی اقدامات نہ کرنے کے بلدی حکام پر الزامات پائے جاتے ہیں ۔ ایک عرصہ دراز تک شہر کی اہمیت اور مسافرین کے لیے اپنی خدمات کو انجام دینے والا نامپلی سرائے بیرونی مقامات سے شہر آنے والے خاص کر مسافرین کے لیے ایک آسرا تھا ۔ ایک عظیم کاز کے لیے تعمیر کئے گئے اس تاریخی عمارت کی عظمت رفتہ کی بحالی کے لیے کسی قسم کا کوئی ٹھوس اقدام نہیں کیا گیا جس کے نتائج آج سامنے آگئے ۔ اطلاع کے ساتھ ہی بلدیہ کے اعلیٰ عہدیدار اور ڈی آر ایف کی خصوصی ٹیم نامپلی سرائے پہونچ گئے اور ملبہ کی صفائی کے ساتھ راحت کاری کے اقدامات انجام دئیے گئے ۔ اس دوران زخمی افراد کو ہاسپٹل منتقل کیا گیا ۔ اس حادثہ میں دو افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے جو سرائے میں آرام کررہے تھے ۔ بلدیہ کے اعلیٰ عہدیدار اقدامات کررہے ہیں ۔۔