تبلیغی جماعت کے 121 ارکان کی رہائی

   

جرمانہ کی رقم پی ایم کیئر فنڈ میں جمع کرنے دہلی عدالت کا حکم
حیدرآباد۔ دہلی کی عدالت نے 121 تبلیغی جماعت کے مبلغین پر جرمانہ عائد کرتے ہوئے انہیں آزاد کرنے کے احکام جاری کردیئے ہیں۔ ان بیرونی افراد کی جانب سے وصول کی جانے والی جرمانہ کی رقم کو پی ایم کئیر فنڈ میں جمع کروانے کی ہدایت دی ہے۔ دہلی کی عدالت میں جاری تبلیغی جماعت کے بیرون ملک سے تعلق رکھنے والے مبلغین کے مقدمہ کی سماعت کے دوران میٹروپولیٹین مجسٹریٹ رجت گوئل نے ان پر جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے دوران تبلیغی اجتماع کا حصہ رہنے والے ان بیرون ملک سے تعلق رکھنے والے مبلغین پر ویزا قواعد کی خلاف ورزی کے علاوہ دیگر الزامات عائد کئے گئے تھے جس پر میٹرو پولیٹین مجسٹریٹ نے سماعت کے بعدکرغستان اور انڈونیشیاء سے تعلق رکھنے والے 121 مبلغین پر جرمانہ عائد کرتے ہوئے انہیں آزاد کردیا ہے۔98 انڈو نیشیائی باشندوں پر عدالت نے فی کس 10 ہزار روپئے جرمانہ عائد کرتے ہوئے ان کی جانب سے ادا کئے جانے والی جرمانہ کی رقم کو پی ایم کئیر میں جمع کروانے کی ہدایت دی اور انہیں جرمانہ کی ادائیگی پر آزاد کردینے کے احکام جاری کئے ۔اسی طرح کرغستان سے تعلق رکھنے والے 23 بیرونی مبلغین پر عدالت نے 5000 روپئے فی کس جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سب ڈویژنل مجسٹریٹ کے علاوہ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس جو کہ اس مقدمہ میں شکایت کنندہ ہیں نے عدالت کے اس فیصلہ پر کوئی اعتراض نہیں کیا اور کہا کہ مصالحتی کوشش کی اس درخواست پر سنائے گئے فیصلہ پر انہیں کوئی اعتراض نہیں ہے۔