تجارتی قواعد کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا انتباہ

   

سرکل 13 کے تاجرین کے ساتھ اجلاس ، ڈپٹی کمشنر بلدیہ کا خطاب
حیدرآباد ۔ 31 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : بلدیہ کے ڈپٹی کمشنر یم کے انکشاف علی نے تجارتی اداروں اور تجارتی مراکز کے منتظمین کو انتباہ دیا کہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور انہوں نے سرکل 13 کے تحت مہدی پٹنم ، مانصاحب ٹینک اور گڈی ملکاپور تاجرین سے کہا کہ تجارتی قواعد پر سختی کے ساتھ عمل کریں ۔ شاپنگ مالس و کامپلکس میں گاہکوں کی گاڑیوں کیلئے پارکنگ مناسب انتظامات پر بھی زور دیا ۔ انکشاف علی نے مزید کہا کہ شاپنگ مالس و کامپلکس کے ذمہ داران عمارتوں کے سلار کو پارکنگ کے بجائے تجارتی اغراض کیلئے استعمال کررہے ہیں اور گاہکوں کی گاڑیوں کو فٹ پاتھس پر پارکنگ کرارہے ہیں جس کی وجہ سے ٹرافک میں خلل اور پیدل راہرو افراد کو شدید مشکلات سے دوچار ہونا پڑرہا ہے ۔ بلدیہ سے حاصل کردہ لائسنس کو تاجرین کاونٹر کے پاس گاہکوں کو نظر آنے کے اعتبار سے آویزاں کریں اور بروقت لائسنس کی تجدید بھی کرالیں اور شہر میں 2 اکٹوبر سے پلاسٹک پالی تھین پر پابندی عائد کردی گئی ہے ۔۔