تحریک انصاف فیصلہ کو چیلنج کریگی

   

راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے وکیل بیرسٹرعلی ظفر نے بانی پارٹی عمران خان کو سزا کے فیصلہ کو چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ یہ ٹرائل اور فیصلہ نہیں ہے، یہ صرف کاغذ کا ٹکڑا ہے۔ علی ظفر نے سائفر کیس میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو فی کس10 سال قید کی سزا پر اپنے ردعمل میں کہا کہ جتنی دستاویزات دیکھیں، ظاہرہورہاتھایہ ٹرائل نہیں بلکہ انصاف سے مذاق ہوا، انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہوئے بلکہ دھجیاں اڑائی گئیں۔
وکیل پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ کیس میں پچھلے 4، 5دن انصاف اور قانون کے تقاضوں کو رد کیا گیا،مس ٹرائل ہے ،آرٹیکل 10اے کی خلاف ورزی ہے ، یہ انصاف کے نظام کے ساتھ ایک مذاق تھا،اوپن ٹرائل نہیں ہورہاتھا۔بیرسٹرعلی ظفر نے کہا کہ سزاتب ہوتی جب جرم ثابت ہو یہاں تو ٹرائل ہی نہیں ہوا، سزا کم تب ہوتی ہے جب اعتراف ہوکہ جرم کیا ہے سزا کم کی جائے ، آئین و قانون کاتقاضا ہے فیئر ٹرائل سے ہی سزا دی جاسکتی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ سرکاری وکلا کو ایک روز پہلے کیس فائل دی گئی، انہوں نے چھوٹی سی جرح کی،عدالتی آرڈر مل جائے سزا کیخلاف اپیل کل فائل ہوجائے گی۔وکیل پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ عدالت نے پراسیکیوشن سے وکیل لے کر اسٹیٹ کونسل وکیل تعینات کردیئے ، کیس کا ٹرائل غیرقانونی ہوا ہے عدالت نے پروسیجر کو فالو نہیں کیا، سائفرکیس میں جو سزا سنائی گئی وہ ختم ہوجائے گی۔بیرسٹرعلی ظفر کا کہنا تھا کہ یہ ٹرائل اور فیصلہ نہیں ہے یہ صرف کاغذ کا ٹکڑا ہے ، قانون کے تحت اسلام آبادہائیکورٹ میں فیصلے کو چیلنج کریں گے ، امید ہے سائفر کیس کا فیصلہ آج شام تک تحریری طور پر مل جائے گا ، آج تحریری فیصلہ مل جاتاہے تو کل تک اپیل دائر کردیں گے ۔