ترکیہ: گھر میں آگ لگنے سے 8شامی بچے ماں سمیت ہلاک

   

انقرہ : ترکی کے شمال مغربی علاقے میں ایک گھر میں آگ لگنے سے چھ بچوں کی ماں سمیت آٹھ شامی پناہ گزین بچے جھلس کر ہلاک ہو گئے ہیں۔ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق بورصہ صوبے کے گورنر یعقوب کنبلیت نے بتایا ہے کہ یلدرن ڈسٹرکٹ میں چار منزلہ عمارت کی پہلی منزل میں لگنے والی آگ کی وجہ ہیٹر کا استعمال بتایا جاتا ہے۔بتایا گیا ہے کہ متاثرین چھ بہن بھائی تھے جن کی عمریں ایک سے 10 سال کے درمیان تھیں، ان کی 31 سالہ ماں اور 10 اور 11 سال کے دو کزن بھی ہلاک ہونے والوں میں شامل ہیں۔گورنر یعقوب کے مطابق آگ لگنے کے وقت بچوں کے والد گھر پر موجود نہیں تھے تاہم فوری طور پر جائے حادثہ پہنچنے کے بعد اہل خانہ کو بچانے کی کوشش میں دھوئیں سے متاثر ہو کرہسپتال میں داخل ہیں۔گورنر نے مزید بتایا کہ آگ بجھانے والی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچیں اور آگ بجھانے کی بھرپورکوشش کی لیکن آگ پر قابو پانے سے قبل ہی یہ انتہائی افسوسناک حادثہ پیش آیا اور بدقسمت خاندان آگ کے شعلوں کی نذر ہوگیا۔انہوں نے بوجھل دل کے ساتھ بتایا کہ یہ حادثہ بہت دکھ کی بات ہے جس کی وضاحت کرنا مشکل بلکہ ناممکن ہے۔