ترکی میںزلزلہ کا طاقتور جھٹکا ۔ 22افراد ہلاک ۔ ایک ہزار سے زائد زخمی

,

   

لوگ خوف کے عالم میںسڑکوں پر نکل آئے ۔ متاثرین کی ہر ممکن مدد کرنے صدر رجب طیب اردغان کا اعلان

فلازق ( ترکی ) 25 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) مشرقی ترکی میں زلزلہ کا ایک طاقتور جھٹکا محسوس کیا گیا جس کے نتیجہ میں کم از کم 22افراد ہلاک اور 1000 دوسرے زخمی ہوگئے ہیں۔ بچاو اور راحت کاری ٹیموں کی جانب سے منہدمہ عمارتوں کے ملبہ میں زندہ بچ جانے والوں کی تلاش کا کام شروع کردیا گیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ جمعہ کی رات دیر گئے زلزلہ کا جھٹکا محسوس ہوا جس کی شدت زلزلہ پیما پر 6.8 ریکارڈ کی گئی تھی ۔ اس زلزلہ کے بعد سے کم از کم 30 افراد لاپتہ بھی بتائے گئے ہیں۔ صدر ترکی رجب طیب اردغان نے اعلان کیا ہے کہ زلزلہ سے متاثرہ افراد کی مدد کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے ۔ اردغان نے اپنے ٹوئیٹر پر کہا کہ ہم اپنے عوام کے ساتھ ہیں۔ ترکی کی حکومت کے ڈیزاسٹر و ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی نے کہا کہ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق رات 8.55 بجے محسوس کیا گیا ۔ زلزلہ میں اکثر و بیشتر زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے جاتے ہیں۔ ترکی ٹی وی نے زلزلہ کے وقت اپنے گھروں ‘ دفاتر اور عمارتوں سے خوف کے عالم میں باہر کی سمت بھاگتے ہوئے عوام کے فوٹیج بھی دکھائے ۔ اس کے علاوہ ایک عمارت کی چھت پر آگ بھگڑک اٹھنے کی اطلاع بھی ہے ۔ ترکی کی داخلہ ‘ ماحولیات اور صحت کی وزارتوں نے کہا ہے کہ ایلزگ صوبہ میں اموات ہوئی ہیں ۔ اس کے علاوہ پڑوسی مالاٹیا صوبہ میں بھی کچھ لوگوں کے مرنے کی اطلاع ہے ۔ ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی کا کہنا ہے کہ اب تک 22افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے جبکہ 1,015 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ وزیر داخلہ سلیمان سوئیلو نے بتایا کہ ایلزگ اور مالاٹیا صوبوں میں ملبہ میں کوئی لوگ دبے ہوئے ہیں۔ بچاوں ٹیمیں ایلزگ سے 30 کیلومیٹر کے فاصلے پر ایک گاوں کی پانچ منزلہ عمارت کے ملبہ میں متاثرین کی تلاش کر رہی ہیں۔ کہا گیا ہے کہ یہاں سے ایک فرد کو زندہ نکالا گیا ہے ۔ ایمرجنسی اسٹاف اور وہاں موجود مقامی عوام نے منجمد کردینے والی سردی میں آگ جلاتے ہوئے خود کو گرم رکھنے کی کوشش کی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ مالاٹیا میں اسپورٹس مراکز ‘ اسکولس اور گیسٹ ہاوسیس کو زلزلہ متاثرین کیلئے کھول دیا گیا ہے ۔
مختلف مقامات پر متاثرین کیلئے کیمپس بھی قائم کئے جا رہے ہیں۔ فلازق شہر سے تعلق رکھنے والے ایک 68 سقالہ شہری ذکریا گیونس نے بتایا کہ عوام خوف و دہشت کا شکار ہیں اور ہر کوئی سڑک پر نکل آیا ہے ۔ یہاں ایک بڑی عمارت زلزلہ کی وجہ سے منہدم ہوگئی ہے ۔ مقامی عوام کا کہنا تھا کہ زلزلہ زیادہ وقت تک محسوس کیا گیا ۔ بعض افراد نے اندازہ ظاہر کیا کہ 30 سکنڈ تک زلزلہ کا جھٹکا محسوس کیا گیا ۔ یونان کے وزیر اعظم کیرائیکوس مٹسوٹکیس نے اپنے ٹوئیٹر پر اس زلزلہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے صدر رجب طیب اردغان سے ظہار ہمدردی بھی کیا ہے

تبت میں زلزلہ کے جھٹکے
بیجنگ 25 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) تبت کے شہر کامڈو میں ہفتہ کو 5.1 شدت والے زلزلہ کے ہلکے جھٹکے محسوس کئے گئے ۔ چینی زلزلہ نیٹ ورک مرکز نے یہ اطلاع دی ۔مرکز نے بتایا کہ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح چھ بج کر 56 منٹ پر آیا جس کی شدت زلزلہ پیما پر 5.1 تھی۔ انہوں نے بتایا کہ زلزلہ کا مرکز 31.98 ڈگری شمالی طول البلد ٰ 95.09 ڈگری مشرقی طول البلد میں سطح زمین سے 10 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔زلزلہ سے کسی جان مال یا دیگر کسی نقصان کی فی الحال کوئی اطلاع نہیں ہے ۔