تریپورہ کے اسکولوں میں بچوں کے حقوق سے متعلق کلب کھولے جائیں گے

   

اگرتلہ: تریپورہ کمیشن فار پروٹیکشن آف چائلڈ رائٹس (ٹی سی پی سی آر) نے بدھ کو محکمہ تعلیم کے ساتھ مل کر تمام اسکولوں میں چائلڈ رائٹس کلب کھولنے کا اعلان کیا تاکہ بچوں کو ان کے حقوق اور اپنے دفاع کے بارے میں بیدار کیا جاسکے ۔ ٹی سی پی سی آر کی صدر نیلیما گھوش نے بچوں کے جنسی استحصال،بچوں اور نوجوانوں کے بیچ منشیات کے استعمال اور دیگر مجرمانہ سرگرمیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی نصاب کے علاوہ، بچوں کو ان کے حقوق، خود کی حفاظت کے طریقہ کار اور سماجی مسائل سے متعلق جانکاری ہونی چاہیے ۔ انہیں اس بات کا علم ہونا چاہیے کہ بدلتے ہوئے حالات میں انہیں روزانہ کن چیزوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔تریپورہ حکومت کے تحت ہر اسکول ہر عمر کے بچوں کے ساتھ ایک کلب بنائے گا جہاں اساتذہ انہیں تربیت دیں گے اور اگر ضرورت ہوئی تو ٹی سی پی سی آر منتخب اساتذہ کے لیے ورکشاپ کا اہتمام کرے گا۔ کلب کے اراکین کو ان کے ساتھیوں، والدین، اساتذہ اور ان کے بڑوں سے متعلق مسائل پر بات چیت کرنے کا موقع دیا جائے گا۔