تعطل کے پرامن حل سے ہندوستان اور چین کا اتفاق

   

کورکمانڈروں کی میٹنگ کے کامیاب ہونے کا دعویٰ
نئی دہلی۔7جون(سیاست ڈاٹ کام) لداخ میں لائن آف کنٹرول پر ہندوستان اورچین کی افواج کے مابین ایک ماہ سے جاری تنازعہ کو ختم کرنے کے لئے کل دونوں ممالک کے فوجی کور کمانڈروں کے درمیان ہونے والی میٹنگ میں دونوں فریقوں نے اس تعطل پر دو طرفہ پر اور امن سمجھوتوں کی روشنی میں تبادلہ خیال کیا اور تعطل کو پرامن طریقے سے حل کرنے پر اتفاق کیا۔وزارت خارجہ نے اتوار کو باضابطہ جانکاری دیتے ہوئے اس بات کا اشارہ دیا کہ معاملہ کے حل کا فارمولہ ابھی تک تیار نہیں کیا گیا ہے اور اس کیلئے سفارتی اور فوجی سطح پر دونوں فریقوں کے درمیان بات چیت جاری رہے گی۔وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہندوستان اور چین نے حالیہ ہفتوں میں سرحدی خطے کی صورتحال کے حل کے لئے سفارتی اور فوجی چینلس کے ذریعے بات چیت کے سلسلہ کو برقرار رکھا ہے ۔ ہفتہ کے روزلیہہ میں آرمی کور کمانڈر اور چینی فوجی کمانڈر کے مابین ایک میٹنگ خوشگوار اور مثبت ماحول میں ‘چشول مولڈو’ کے علاقے میں ہوئی۔ دونوں فریقوں نے اس بات پر رضامندی کا اظہار کیا کہ سرحد پر صورتحال کو باہمی سمجھوتوں اور دونوں ممالک کی قیادت کے مابین سمجھوتے کی بنیاد پر پرامن طریقے سے حل کیا جانا چاہئے ، جس میں طئے کیا گیا ہے کہ سرحدی علاقوں میں امن و استحکام ہندوستان اورچین کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی مجموعی ترقی کیلئے انتہائی ضروری ہے ۔وزارت خارجہ کے مطابق ، دونوں فریق نے تسلیم کیا کہ یہ ہندوستان اور چین کے مابین سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ کا سال ہے ، لہذا اس تعطل کو جلد از جلد حل کرنے سے ہمارے تعلقات کو آگے لے جانے میں معاون ثابت ہو گا۔