تعلیم ہی مسلمانوں کو ان کی کھوئی ہوئی عزت دلا سکتی ہے

   

فیض عام ٹرسٹ اور ہیلپنگ ہینڈز کی کونسلنگ ، مسرس منور جعفری اور جناب زاہد علی خاں کا خطاب
حیدرآباد ۔ 3 ۔ فروری : ( پریس نوٹ ) : فیض عام ٹرسٹ اور ہیلپنگ ہینڈز کی جانب سے کل نور خاں بازار میں نو تعمیر شدہ عمارت ’ لائٹ ہاوز ‘ میں دسویں جماعت کے طلباء کے لیے کونسلنگ کا اہتمام کیا گیا تھا ۔ جس میں کثیر تعداد میں طلباء وطالبات اور ان کے والدین و سرپرست موجود تھے ۔ حیدرآباد کے مایہ ناز سپوت جناب سید علی منور جعفری جنہوں نے حیدرآباد کے فارغ التحصیل ہونے کے بعد دنیا کے بیشتر ممالک میں اپنا لوہا منوایا ۔ مہمان مقرر کی حیثیت سے مخاطب کیا ۔ مہمان خصوصی جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست اپنی تقریر میں نو تعمیر شدہ عمارت ’ لائٹ ہاوز ‘ کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ یقینی طور پر یہ ایک مرکز نور ثابت ہوگا ۔ جہاں سے قوم کی ترقی کے لیے ہر قسم کی نورانی شعاعیں مسلسل نکلتی رہیں گی ۔ طلباء اور سرپرستوں کی کثیر تعداد کو مخاطب کرتے ہوئے آپ نے کہا کہ تعلیم ہی مسلمانوں کو ان کی کھوئی ہوئی عزت دلا سکتی ہے ۔ فیض عام ٹرسٹ اور ہیلپنگ ہینڈز کے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگرچیکہ دسویں جماعت کے طلباء کے لیے کونسلنگ کا اہتمام کرنا ایک مستحسن قدم ہے لیکن ضرورت اس بات کی ہے کہ یہ کونسلنگ ہائی اسکول سے بھی پہلے بلکہ پانچویں جماعت کے طلباء سے شروع کرنی چاہئے ۔ سکریٹریٹ میں ، اور آل انڈیا سرویسیس میں مسلمانوں کی انتہائی قلیل نمائندگی کا ذکر کرتے ہوئے آپ نے طلباء پر زور دیا کہ اگر وہ محنت اور لگن کے ساتھ تعلیم کو نہ اپنائیں تو آنے والا زمانہ اور بھی ہمارے لیے سخت ہوسکتا ہے ۔ تعلیمی ترقی کے لیے انہوں نے طلباء اور سرپرستوں کو اپنی ہر ممکنہ مدد کا تیقن بھی دیا ۔ دبئی سے آئے ہوئے مہمان مقرر جناب سید علی منور جعفری نے اپنی متاثر کن تقریر میں خود اپنے ذاتی تجربات کو پیش کیا اور بتایا کہ ایک کامیاب مستقبل کے لیے اسکولی زندگی بہت اہم ہوتی ہے ۔ جناب زاہد علی خاں کی تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے آپ نے بھی والدین پر زور دیا کہ بچوں کو بورڈنگ اسکول میں اگر موقع ملتا ہے تو ضرور اس سے استفادہ کریں کیوں کہ سرکاری بورڈنگ اسکول کی تربیت ہی انسان کی ایک کامیاب زندگی کے لیے ایک بہت اہم وجہ بنتی ہے ۔ اپنے خود کی اسکولی زندگی کا حوالہ دیتے ہوئے آپ نے کہا کہ کس طرح علی الصبح جگایا جاتا تھا اور گھوڑ سواری سے لے کر سوئمنگ تک پڑھائی کے علاوہ شائد ہی کوئی ایسا اسپورٹ رہا ہو جس میں ان کی تربیت نہ کی گئی ہو ۔ بورڈنگ اسکول کی زندگی کا حوالہ دیتے ہوئے آپ نے کہا کہ جس اسکول سے آپ فارغ التحصیل ہوئے تھے ، آج جب 50 سال بعد ان کے کلاس فیلو کی میٹ ہوئی تو پتہ چلا کہ ان میں کئی ایک اعلیٰ سرکاری افسر ہیں ، یونیورسٹی کے وائس چانسلر ، ڈائرکٹر جنرل آف پولیس ، آئی اے ایس اور آئی پی ایس آفیسرس وغیرہ بن چکے ہیں ۔ ڈاکٹر شوکت علی مرزا نے شرکا کو ہیلپنگ ہینڈز اور فیض عام ٹرسٹ کی کارکردگی اور نمایاں اور کامیاب طلباء مثالوں سے واقف کرایا ۔ جناب افتخار حسین سکریٹری فیض عام ٹرسٹ نے شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ مزید کونسلنگ کا سلسلہ جاری رہے گا ۔۔