تغذیہ بخش غذا سے متعلق عوام میں شعور بیدار کرنے کی ہدایت

   

پداپلی کلکٹر کا پوشن ابھیان کے عہدیداروں کے ہمراہ اجلاس پوسٹر کی اجرائی

پداپلی ۔ضلع میں تغذیہ بخش غذا کی قلت کے تدارک کے تحت عوام میں شعور بیدار کرنے کے لئے خصوصی اقدامات کئے جانے چاہئے۔ان خیالات کا اظہار پداپلی ضلع کلکٹر بھارتی ہولیکیری نے کیا۔ یکم ستمبر 2020 تا 30 ستمبر 2020 تک منعقد ہونے والے پوشن ابھیان پروگرام کے تحت ضلع کلکٹر نے بروز منگل اپنے چیمبر میں پوشن ابھیان سے متعلق پوشن ماہ 2020 پوسٹر کی اجرائی عمل میں لائی۔ اس موقع پر عہدیداروں کو ہدایت دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ضلع میں پوشن ابھیان پروگرام کی اہمیت سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے سیاسی نمائندوں کے اشتراک سے اس پروگرام کو کامیاب بنائیں۔ تفصیلات بیان کرتے ہوئے ضلع کلکٹر نے کہا کہ ماضی میں منعقدہ سروے کے مطابق 52.8فیصد حاملہ خواتین ‘ 56فیصد لڑکیاں ‘ 44فیصد بچے خون کی کمی کا شکار ہیں۔ اچھی تغذیہ بخش غذا ‘ آئرن سے بھر پور اغذیہ کے استعمال سے متعلق وسیع پیمانے پر عوام میں شعور بیدار کرنیکی عہدیداروں کو انھوں نے ہدایت دی۔ آنگن واڑی مراکز کے ذریعہ لازمی طور پر تمام بچوں کو ‘ حاملہ عورتوں کو تغذیہ بخش غذا فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ ضلع کلکٹر نے کہا کہ ضلع میں 11.26 فیصد نوزائید بچے بہت ہی کم وزن سے پیدا ہورہے ہیں۔ تمام بچوں کو لازماً 10-8 آئرن ‘ فولک آسڈ ڈوسس فراہم کرنے’ پیٹ کے کیڑوں کے خاتمہ کے لئے دوائیاں فراہم کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ تمام آنگن واڑی مراکز میں ہر ماہ تغذیہ بخش غذا کی اہمیت سے متعلق عوام میں آگاہی پروگرام کا انعقاد عمل میں لانے اور اس سے متعلقہ تصاویر کو اپ لوڈ کرنے کی ہدایت دی۔ چھوٹے بچوں کے وزن میں کمی کے وجوہات اور اس کے تدارک کے لئے حکمت عملی تیار کرنے کی ضلع کلکٹر نے ہدایت دی۔ بچے کی پیدائش کے اندرون ایک گھنٹہ لازمی طور پر ماں کا دودھ پلانے اور 6 ماہ تک ماں کا دودھ پلانے ‘ اس ضمن میں وسیع پیمانے پر تشہیر کرتے ہوئے عوام میں شعور بیدار کرنے کی انھوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ 6 ماہ تا 3 سال کے تمام بچوں کو بالا امرت مہیا کرنے’ اس سے متعلق ہر آنگن واڑی ٹیچر کو آنگن واڑی مراکز میں ماؤں اور افراد خاندان کو آگاہی فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ایڈیشنل کلکٹر لکشمی نارائنا ‘ مجالس مقامی ایڈیشنل کلکٹر کمار دیپک ‘ پداپلی روینو ڈویڑن آفیسر شنکر کمار’ منتھنی روینو ڈویڑن آفیسر کرشنا وینی ‘ ضلعی عہدیدار برائے سماجی بہبود اکیشور راؤ’ ضلع پنچایت آفیسر سدرشن’ ضلعی عہدیدار برائے صحت و طبابت ڈاکٹر پرمود کمار’ متعلقہ عہدیداران وغیرہ نے اس پروگرام میں شرکت کی۔