تفریح کے دوران ڈیم میں ایک خاندان کے 7 افراد فوت

   

بنگلورو۔ 8 اکٹوبر (ایجنسیز) کرناٹک کے تْمکورو شہر کے بی جی پلیہ علاقے سے تعلق رکھنے والا ایک خاندان منگل کو اپنے رشتہ داروں سے ملنے مگاڈی پلیہ گیا تھا۔ دوپہر کے کھانے کے بعد وہ پکنک کیلئے مارکوناہلی ڈیم پہنچے۔ تْماکورو کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اشوک کے وی کے مطابق تقریباً 15 افراد پکنک کیلئے ڈیم پر آئے تھے۔ان میں سے خواتین اور بچوں سمیت 7 افراد نہانے کیلئے پانی میں داخل ہوئے، لیکن اچانک ڈیم کے سائفن سسٹم سے زوردار پانی خارج ہونے لگا، جس کے نتیجہ میں وہ سب بہہ گئے۔پولیس اور فائر ڈپارٹمنٹ کی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ ایک شخص، نواز، کو زندہ بچالیا گیا اور اْسے آدی چنچناگیری ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا۔ اب تک دو نعشیں برآمد ہوچکی ہیں جبکہ 4 لاپتہ افراد کی تلاش منگل کی شام روک دی گئی تھی اور چہارشنبہ کو دوبارہ شروع کی گئیپولیس نے تصدیق کی ہے کہ نواز کے علاوہ تمام متاثرین خواتین اور کمسن بچیاں ہیں۔ ڈیم کے انجینئروں کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ پانی کے بہاؤ میں اچانک قدرتی اضافے کے سبب پیش آیا، تاہم سائفن کے اچانک کھلنے کی اصل وجہ جاننے کیلئے تحقیقات جاری ہیں۔لاپتہ افراد کی شناخت 45 سالہ تبسّم ، 44 سالہ شبانہ ، 4 سالہ مہپرہ اور ایک سالہ محیب کے طور پر کی گئی ہے۔